منہاج القرآن ویمن لیگ کے 35 ویں یوم تاسیس پر شہر شہر تقریبات، سیمینارز

کیک کاٹے گئے، مرکزی تقریب ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوئی، خواتین رہنماؤں کے خطابات
حقیقی ویمن امپاورمنٹ، خواتین کی تعلیم اور ہنر دینا ہے، ڈاکٹر فرح ناز/ سدرہ کرامت

Minhaj ul Quran Women League 35th Foundation day

لاہور (05 جنوری 2023ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کا 35 واں یوم تاسیس پورے ملک میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ ملک کے تمام بڑے شہروں میں ”معمار جہاں ہم ہیں“ کے عنوان سے یوم تاسیس کی تقریبات منعقد کی گئیں، کانفرنسز، سیمینارز منعقد کئے گئے، کیک کاٹے گئے۔ مرکزی تقریب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوئی، تقریب میں منہاج القرآن کی مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر فرح ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی و سر پرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 35 برس قبل منہاج القرآن ویمن لیگ کی بنیاد رکھ کر خواتین کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے، جہاں سے وہ دین کی سربلندی کیلئے مؤثر کردار ادا کر سکیں، کردار سازی اور اصلاح احوال کے حوالے سے کوئی ایسا شعبہ نہیں جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ نے کردار ادا نہ کیا ہو۔

یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر سدرہ کرامت نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی جدوجہد ویمن امپاورمنٹ اور انہیں معاشرے میں مساوی حقوق کی دلوانے کیلئے ہے۔ خواتین کو تعلیم و تربیت اور ہنر دینا حقیقی ویمن امپاورمنٹ ہے۔ سدرہ کرامت نے یوم تاسیس کی تقریب میں قرارداد پیش کی کہ خواتین کی تعلیم و تربیت کو اولین ترجیح دی جائے گی اور اس حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔

نائب ناظمہ اُم حبیبہ اسماعیل نے استقبالیہ کلمات میں شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے منہاج القرآن ویمن لیگ کے دینی، اصلاحی اور فلاحی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ناظمہ شعبہ جات عائشہ مبشر نے بیرون ملک تنظیمات کی نمائندگی کرتے ہوئے امریکہ، آسٹریلیا، برطانیہ، یورپ سمیت دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی تنظیمی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

تقریب میں فریدہ سجاد، فہنیقہ ندیم، ڈاکٹر جویریہ حسن، نورین علوی، شازیہ بٹ، نسیم گلزار، نورین علوی، شمیم خان، آسیہ سیف نے شرکت کی۔ جبکہ ڈاکٹر شازیہ رانا نے یورپ، رابعہ عروج نے آسٹریلیا، صاعقہ شاہین نے یوکے، معظمہ غفور نے کینیڈا سے یوم تاسیس کی تقریب میں آن لائن شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top