منہاج القرآن: سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت پر فکری نشست

ہر باپ اپنی بیٹی سے شفقت کا برتاؤ کر کے آپ کی سنت کو زندہ رکھے: انجینئر رفیق نجم
اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت توشۂ آخرت ہے، حفیظ اللہ جاوید، علامہ غلام مرتضیٰ علوی
فکری نشست میں نور اللہ صدیقی، علامہ منہاج الدین، رضا طاہر و دیگر کی شرکت

A Fikri session on the birthday of Sayyida Kainat

لاہور (13 جنوری 2023) تحریک منہاج القرآن فہم دین پراجیکٹ کے زیر اہتمام سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت پر مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ خصوصی نشست میں اظہار خیال کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ کوآرڈینیشن انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت توشۂ آخرت ہے۔ پوری کائنات حضور نبی اکرم ﷺ کے ادب میں کھڑی ہوتی ہے اور سیدہ کائنات وہ ہستی ہیں جن کیلئے حضور نبی اکرم ﷺ کھڑے ہوتے ہیں۔ سیدہ کائنات کو اللہ کے رسول ﷺنے اپنے جگر کا ٹکڑا قرار دیا۔ سیدہ کائناتؓ وہ ہستی ہیں کہ جن کے جگر گوشے امام عالی مقام علیہ السلام نے جان کا نذرانہ پیش کر کے دین مصطفیٰ ﷺ کو تاقیامت سربلند کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آج کے پر فتن دور میں اہل بیت اطہار علیہم السلام کی محبت و مودت کی شمعیں روشن کیں اور یزید کی باطل فکر کو اس کی تمام تر نحوستوں کے ساتھ بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کرۂ ارض کی ہر خاتون کیلئے رول ماڈل ہیں۔

اس موقع پر فہم دین پراجیکٹ کے ڈائریکٹر حفیظ اللہ جاوید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حضور نبی اکرم ﷺ نے سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا سے جو محبت و شفقت کی وہ قیامت تک آنے والے ہر باپ کیلئے ایک مثال ہے۔ ہر باپ اپنی بیٹی سے محبت و شفقت کا برتاؤ کر کے آپ ﷺ کی مبارک سنت کو زندہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے بیٹی سے محبت کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ بیٹیاں رحمت ہیں ان کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر باپ کو چاہئیے کہ وہ اپنی بیٹی کے احترام میں ضرور کھڑا ہوا کرے کیونکہ سرور کائنات حضور نبی اکرم ﷺ اپنی حیات طیبہ میں یہ عمل فرمایا کرتے تھے۔

فکری نشست کے اختتام پر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے دعا کرائی۔ فکری نشست میں نور اللہ صدیقی، سردار عمر دراز خان، علامہ منہاج الدین، بابر چوہدری، محمد صادق، رضا طاہر و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top