کھیل کے میدانوں سے امن اور خوشحالی آئے گی، قومی کرکٹر اظہر علی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی منہاج یونیورسٹی لاہو رمیں ڈپٹی چیئرمین سے ملاقات
کامیاب کھلاڑی نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کریں: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

Azhar Ali, Abid Ali and M Abbas met with Dr Hussain Mohiuddin Qadri

لاہور (20 جنوری 2023ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان و ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی، اوپننگ بیٹسمین عابد علی اور فاسٹ باؤلر محمد عباس نے گزشتہ روز منہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنرز کے ڈپٹی چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری سے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ سپورٹس کے ذریعے پاکستان اپنا کھویا ہوا سماجی، معاشی، ثقافتی تشخص بحال کر سکتا ہے، سپورٹس اور ثقافت کا معاشی سرگرمیوں اور استحکام سے گہرا تعلق ہے۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کی یورنیورسٹیز کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کی سرپرستی کریں۔ کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے سے امن اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ یہ جان کر بے حد خوشی ہوئی کہ منہاج یونیورسٹی لاہور کی انتظامیہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ سپورٹس فیسٹول کا اہتمام کرتی ہے اور سپورٹس سرگرمیوں میں مرد و خواتین بھرپور حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس ایونٹس کی سرپرستی جاری رہنی چاہئے۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے قومی کرکٹرز کو منہاج یونیورسٹی لاہور آمد پر خوش آمدید کہا اور انہیں یونیورسٹی کے مختلف تعلیمی پروگراموں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کے افق کے کامیاب کھلاڑی نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی کریں اور انہیں اپنے تجربات و مشاہدات میں شامل کریں۔ علم و ہنر سکھانا اور پھیلانا ایک عظیم قومی خدمت ہے۔ اس موقع پر انٹرنیشنل کبڈی پلیئرز و ٹرینرز اولپمینئز مس راحیلہ اور مس عمارا بھی موجود تھیں۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top