رانا وحید منہاج یوتھ لیگ کے صدر، ڈاکٹر عمران یونس سیکرٹری جنرل مقرر
ہارون ثانی سینئر نائب صدر، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نئے عہدیداروں کا اعلان کر دیا
باکردار نوجوانوں کی محنت سے قوموں کی تقدیریں بدلتی ہیں: چیئرمین سپریم کونسل
مرکزی قائدین کا مسلسل 8 سال خدمت انجام دینے پر مظہر محمود علوی کو خراج تحسین
لاہور (22 جنوری 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک بہت بڑی تقریب میں رانا وحید شہزاد کو منہاج یوتھ لیگ کا مرکزی صدر، ڈاکٹر عمران یونس کو سیکرٹری جنرل اور ہارون ثانی کو سینئر نائب صدر مقرر کرنے کا اعلان کیا اور منہاج یوتھ لیگ کیلئے بطور مرکزی صدر مسلسل 8 سال عظیم الشان خدمت انجام دینے پر مظہر محمود علوی اور منصور قاسم اعوان کو زبردست میں الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل نے مظہر محمود علوی کی مثالی خدمت کے اعتراف میں انہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل سندھ زون کیلئے بطور نائب ناظم اعلیٰ ترقی دینے کا بھی اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری 4 دہائیوں سے نوجوانوں کے اخلاق اور کردار سنوارنے پر محنت کر رہے ہیں کیونکہ باکردار نوجوانوں کی پر خلوص محنت سے قوموں کی تقدیریں بدلتی ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا خزانہ اس کے نوجوان ہیں۔ پاکستان دنیا کا وہ واحد خوش بخت ملک ہے جس کی مجموعی آبادی کا 60 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے درست استفادہ سے ہی پاکستان ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنے گا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی اعلیٰ تعلیم و تربیت کے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی ادارے قائم ہوئے ان تعلیمی اداروں سے استفادہ کرنے والے نوجوانوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو نوجوانوں کے پاکیزہ شب و روز پسند ہیں۔ صالح نوجوان ملک و ملت کا سرمایہ ہیں۔ تاریخ عالم کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ اقوام کی آزادی و غلامی اور عروج و زوال میں نوجوانوں کا کردار مرکزی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرات و شجاعت، قوت وصلاحیت، بلند فکری پرواز اور ارفع کردار کا نام جوانی ہے۔ ایسے ہی پاکیزہ کردار والے نوجوانوں کے بارے میں حکیم الامت نے فرمایا تھا ”جوانوں کو پیروں کا استاد کر“۔ جدیدعلم و ہنر سے آراستہ نوجوان مصطفوی معاشرہ کی تشکیل میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ویثرن کے مطابق نوجوانوں کی کردار سازی اور تعلیم و تربیت کا فریضہ انجام دیتی رہے گی۔ تحریک منہاج القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے جس نے نوجوانوں کو علم و امن اور کردار کے راستے پر چلایا اور ان کے دلوں میں احساس ذمہ داری اور عشق مصطفی ﷺ کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ کے نوجوان اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے شاہین کی صفات سے متصف ہیں۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب صدر بریگیڈئیر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے رانا وحید شہزاد کو صدر، ڈاکٹر عمران یونس کو سیکرٹری جنرل اور ہارون ثانی کو سینئر نائب صدر مقرر ہونے پر مبارکباد دی اور مظہر محمود علوی کو ان کی شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔
تبصرہ