اسلام اتحاد و رواداری کا درس دیتا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

علما انبیاء کے وارث اور کوئی سچا وارث نفرت کا سوداگر نہیں ہو سکتا
چیئرمین سپریم کونسل کا عظمت مصطفی ﷺ و شان اہلبیت کانفرنس سے خطاب

Dr Hassan Qadri addressing Azmat e Mustafa Conference in Chowk Azam Layyah

لاہور (3 فروری 2023) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلام اتحاد و روداری کا درس دیتا ہے، علمائے کرام انبیا کی تعلیمات اور کردار و اقدار کے وارث ہیں اور کوئی سچا وارث آباؤ اجداد کے اثاثوں کی بے توقیری نہیں کر سکتا اور نفرت کا سوداگر نہیں بن سکتا۔ علمائے کرام اتحاد امت اور حد سے متجاوز عدم برداشت کے خاتمے کیلئے کام کریں۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے اپنے حسن اخلاق، اعتدال و رواداری کے اوصاف وصفات کے ذریعے ناقدین کو معترفین اور محبین کی فہرست میں شامل کر لیا۔ خوش بیانی اور نرم گوئی پتھر مزاج کو موم مزاج بنا دیتی ہے آج ہمیں نرم گوئی، برداشت، مواخات، اعتدال و روداری کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوک اعظم لیہ میں مظہری میلاد کمیٹی کے زیراہتمام منعقدہ ”عظمت مصطفی ﷺ اور شان اہل بیت و صحابہ کرام کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن، صاحب قرآن اور آپ ﷺ کی پاک عطرت کا راستہ ہی دنیا و آخرت اور کامیابی کا راستہ ہے اصحاب رسول آپ ﷺ کی زندگی کا عملی نمونہ تھے اور سراپا ادب اور پیکر وفا تھے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن عشق مصطفی ﷺ اہل بیت اطہار کے ادب و محبت اورشان صحابہ کو اجاگر کر رہے ہیں۔

کانفرنس میں پیر سید حسان الدین حسان گیلانی (گولڑہ شریف)، پیر محمد اشرف مظہری (آستانیہ عالیہ پپلا شریف میانوالی)، پیر سید سہیل حسن گیلانی، پیر سید ثناء اللہ گیلانی، پیر سید غوث شاہ گیلانی، پیر سید ساجد شاہ گیلانی، پیر سید اللہ بخش شاہ کاظمی، سیدخیر محمد شاہ، محمد وسیم مظہری سمیت علمی، مذہبی،سیاسی، سماجی شخصیات اورمیلاد کمیٹی کے سینئر ممبران نے شرکت کی۔ نائب ناظم اعلیٰ جنوبی پنجاب سردار شاکر خان مزاری، صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب میاں نور احمد سہو، راشدمصطفوی، نشاط احمد باجوہ ایڈووکیٹ، چوہدری قمر عباس دھول، محمد نواز قادری، علامہ محمد وقاص، شاہد مہر سعدقادری، چوہدری خضر حیات،محمد شہباز، شوکت علی مغل سمیت منہاج القرآن کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top