سماجی مساوات سے سوسائٹی کو پرامن بنایا جا سکتا ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

ریاست مدینہ کی انتظامی بنیاد امن و انصاف اور رول آف لاء پر قائم ہوئی، چیئرمین سپریم کونسل
ریاست مدینہ کا آئین فلاحی سوسائٹی کے قیام کے راہنما اصولوں پر مشتمل ہے: بار کونسل سے خطاب

Dr Hassan Qadri addressing Peoples of Bahawalpur Bar-Council

لاہور (7 فروری 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے بہاولپور بار کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کا آئین فلاحی سوسائٹی کے قیام کے راہنما اصولوں پر مشتمل ہے۔

میثاق مدینہ کی آئینی دستاویز کا اخلاقی و قانونی پیغام یہ ہے کہ انصاف کی فراہمی، جان و مال کے تحفظ کی گارنٹی، تکریم انسانیت، مذہبی جذبات کے احترام اور سماجی مساوات کے ذریعے سوسائٹی کو ہر نوع کی تفریق اور نفرتوں سے پاک کیا جا سکتا ہے اور مختلف المذاہب طبقات کو امت واحدہ کے قالب میں ڈھالا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کی انتظامی بنیاد امن و انصاف اور رول آف لاء پر قائم ہوئی۔ ریاست مدینہ کا دستور ذات پات، رنگ و نسل سے بالاتر خالصتاً قانون و انصاف کی بالادستی کے تصورات پر مشتمل تھا۔

انہوں نے کہا کہ میثاق مدینہ بین المذاہب رواداری، انسانی حقوق کے تحفظ و احترام اور بین الاقوامی اقدار پر مبنی تاریخ عالم کی پہلی جامع دستوری دستاویز ہے۔ حامد اختر ایڈووکیٹ صدر بہاولپور بار ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے علمی اور پر مغز خطاب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری ریاست مدینہ کے موضوع پر عالم اسلام کے پہلے پی ایچ ڈی سکالر ہیں، انہوں نے کہا پاکستان کے موجودہ بحرانوں کا حل ریاست مدینہ کے آئین میں موجود ہے۔ وکلاء برادری نے ریاست مدینہ کے موضوع پر جامع فکری نشست کے انعقاد پر بہاولپور بار کو مبارکباد دی۔

کانفرنس میں ملک اسلم ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، نشاط احمد باجوہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ تنظیمات جنوبی پنجاب سردار شاکر خان مزاری، صدر پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب میاں نور احمد سہو، راؤ عارف رضوی، چوہدری سہیل کامران ایڈووکیٹ، راؤ محمد عارف رضوی، گامن خان ایڈووکیٹ، ملک اسلم ایڈووکیٹ، محمد عمران یوسف بھٹی ایڈووکیٹ، سینئر وکلاء اور تحریک منہاج القرآن و جملہ فورمز کے قائدین شریک ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top