معراج النبی حضور نبی اکرم ﷺ کا دائمی معجزہ ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

نئے نئے کائناتی انکشافات معجزہ معراج النبی ﷺ کی حقانیت کی گواہی دے رہے ہیں
معجزات انبیائے کرام کی نبوت اور حقانیت پر دلیل ہوتے ہیں: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل
جامع شیخ الاسلام میں ترکیہ اور شام میں زلزلے میں شہید ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی

Dr. Hussain Qadri's speech at Jama'i Sheikhul-Islam on Friday

لاہور(17 فروری 2023)تحریک منہاج القرآن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ معراج النبی ﷺ حضور نبی اکرم ﷺ کا دائمی معجزہ ہے جس کی عظمت میں وقت کا سفر طے ہونے کے ساتھ ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ نئے نئے کائناتی انکشافات سامنے آ کر معجزہ معراج النبی ﷺ کی حقانیت کی گواہی دے رہے ہیں۔ معجزہ معراج النبی ﷺ حضور نبی اکرم ﷺ کا زندہ معجزہ ہے۔ یہ معجزہ براہ راست اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ کی عظمت، رفعت اور حقیقت کسی بھی فردکی سمجھ بوجھ، عقل و خرد اور فہم و فراست کی پرواز سے بلند اور بہت ہی بلند ہے۔ آج صدیاں گزر جانے کے بعد جب سائنسی ارتقا اپنی معراج کو چھورہا ہے کائنات کی بے کراں وسعتیں حضور نبی اکرم ﷺ کے نقوش کف پا کی تصدیق کررہی ہیں۔ معراج النبی ﷺ اصل میں معراج بندگی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعتہ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ معجزات انبیائے کرام کی نبوت اور حقانیت پر دلیل ہوتے ہیں۔ معجزات اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ کا پرتو ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معجزہ معراج النبی ﷺ تاریخ انسانی کا ایسا حیرت انگیز انوکھا اور نادر واقعہ ہے جس کی تفصیلات پر عقل ناتواں حیران و ششدر ہے۔ عظمتوں اور رفعتوں کے اس سفر میں اللہ رب العزت نے اپنے محبوب بندے اور رسول ﷺ کو ان گنت انعامات اور اعزازات سے نوازا۔ حضور نبی کریم ﷺ کو مقام قاب قوسین پر فائز کیا گیا۔ قرب اس انتہا کو پہنچا کہ ہمیں اس کاادراک ہو سکتا ہے اور نہ شعور۔

جمعۃ المبارک کے اجتماع میں پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے میں شہید ہونے والوں کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top