ڈنمارک: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا این وی میں ’’معراج النبیﷺ کانفرنس‘‘ سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل این وی، ڈنمارک کے زیراہمتام منعقدہ ’’معراج النبیﷺ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ معراج النبی ﷺ وہ عظیم معجزہ ہے جس کی تصدیق قرآن حکیم نے کی ہے۔ اہلِ اِیمان کے اِیمان کی پختگی کے لئے نبی اور رسول کے ہاتھ پر معجزات کا صدُور ہوتا ہے، تاکہ قصرِ اِیمان اور غبارِ تشکیک میں اِیمان اور تیقّن کے چراغ رَوشن ہوں۔ اللہ رب العزت نے ہر نبی کو اپنے عہد، اپنے زمانے اور اپنے علاقے کے حوالے سے معجزات سے نوازا تاکہ ان کی حقانیت ہر فردِ بشر پر آشکار ہو اور وہ ایمان کی دولت سے سرفراز ہو سکیں۔ اللہ رب العزت کو معلوم تھا کہ امتِ محمدی چاند پر قدم رکھے گی اور ستاروں پر کمندیں ڈالے گی لہٰذا اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکان و لامکاں کی وسعتوں میں سے نکال کر اپنے قرب کی حقیقت عطا فرمائی جس کا گمان بھی عقل انسانی میں نہیں آ سکتا تھا۔
معراج النبیﷺ کانفرنس میں علماء کرام، سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات منہاج یورپین کونسل، منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے ذمہ داران، رفقاء و کارکنان، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔
چیئرمین سپریم کونسل نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔
تبصرہ