شعبان کا مہینہ نفرت ختم کرنے، معافی، نرمی اور محبتیں تقسیم کرنے کا مہینہ ہے: علامہ رانا محمد ادریس
اخوت، محبت، رواداری اور صبر و برداشت اسلام کے اہم ستون ہیں، جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب
لاہور (24 فروری 2022) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ شعبان المعظم برکتوں اور سعادتوں کا مجموعہ ہے۔ ماہ شعبان حضور اکرم ﷺ کا محبوب ترین مہینہ ہے۔ شعبان بخشش اور مغفرت کا مہینہ ہے۔ شعبان کا مہینہ نفرت ختم کرنے، معافی، نرمی اور محبتیں تقسیم کرنے کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں ہمیں لوگوں کو معاف کرنا چاہیے۔ ایک دوسرے کی خطائیں معاف کرنے سے اللہ تعالیٰ ہمیں معاف کرے گا۔ اخوت، محبت، رواداری اور صبر و برداشت اسلام کے اہم ستون ہیں۔
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ ماہ شعبان کا چاند نظر آتے ہی صحابہ کرامؓ تلاوت کلام پاک میں مشغول ہو جاتے، اپنے مال کی زکوۃ نکالتے تا کہ کمزور اور مسکین لوگ رمضان المبارک کی تیاری کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ شعبان شروع ہو چکا ہے، یہ مبارک مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے اور رمضان المبارک کی آمد کا پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ وہ مقدس اور مبارک مہینہ ہے جس کی خیر و برکت سے ہم اپنے دامن مغفرت کے موتیوں سے بھر سکتے ہیں۔ یہ بہت سی رحمتوں اور مغفرتوں کا ضامن مہینہ ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے اسے اپنا مہینہ فرما کر اس کی عظمت میں اور بھی اضافہ فرما دیا ہے۔ شعبان المعظم اور بالخصوص اس مہینے کی 15 ویں شب (شب برات) کو سستی، غفلت کی نظر نہ ہونے دیں۔ اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں حاضر ہوں اور ندامت کے آنسو بہائیں۔
صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نماز جمعہ جامع شیخ الاسلام میں ادا کی اس موقع پر انہوں نے کارکنان سے ملاقات بھی کی۔
تبصرہ