منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام ”سیدہ کائنات کانفرنس“ کا انعقاد

مورخہ: 22 مارچ 2023ء

علمی، سماجی و مذہبی خواتین راہنماؤں نے سیدہ کائناتؓ کی سیرت طیبہ پرروشنی ڈالی
عورت کو عزت، مقام اور تکریم سیدہ فاطمۃ الزہرہؓ کی ذات مبارکہ کی وجہ سے ملتی ہے: ڈاکٹر فرح ناز
عائلی نظام زندگی کی بہترین مثال سیدہ فاطمۃ الزہراؓ اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ ہیں: مقررین
نبیرہ عندلیب، طاہرہ عابد، عظمیٰ زریں، سیدہ امامہ بخاری، صباحت رمضان سیالوی، سیدہ ام فروا،سدرہ کرامت کا خطاب

Syeda-e-kainaat Conference

لاہور (22 مارچ 2023) منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیرِاہتمام سالانہ ”ام الکمال سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا کانفرنس‘‘ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہو ئی۔کانفرنس میں مختلف علمی،سماجی و مذہبی خواتین راہنماؤں نے”سیدہ کائناتؓ کی سیرت طیبہ پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کو سیدہ کائناتؓ کو اپنا رول ماڈل بنانا چاہئیے۔ ان کے پاکیزہ کردار اور تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزارنی چاہئیے۔

مقررین نے خوبصورت تقریب کے انعقا د پر منہاج القرآن ویمن لیگ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہ اکہ عورت کو عزت،مقام اور تکریم سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی ذات مبارکہ کی وجہ سے ملتی ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ ڈاکٹر فرح ناز نے کہا کہ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی خصیت اور ان کی تعلیمات نہ صرف خواتین بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔ اہل بیت اطہار کی محبت ہمارے ایمان کا جزو ہے، سیدہ کائنات سلام اللہ علیہا وہ عظیم ہستی ہیں جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی آج اشد ضرورت ہے۔ دنیا و آخرت کی کامیابی ہمیں تب حاصل ہو گی جب ہم سیدہ کائنات کے فرمودات و تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہوں گے۔ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ سیرت اور حیات طیبہ ہر دور کی مسلم خواتین کیلئے نمونہ کمال اور واجب الاتباع ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف مذہبی سکالر نبیرہ عندلیب نے کہا کہ خاندان وہ سماجی ادارہ ہے جو انسان کی جسمانی، روحانی، اخلاقی اور فکری پرورش کی بنیاد رکھتا ہے۔ اس ادارے میں رہن سہن کے طور طریقوں کو عائلی نظام زندگی کہا جاتا ہے اور ہمارے لیے عائلی نظام زندگی کی بہترین مثال سیدہ فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظمہ شعبہ تبلیغات، جامعہ ام الکتاب طاہرہ عابد نے کہا کہ سیدنا فاطمۃ الزہرا سلام اللہ علیہا کی پاکیزہ شخصیت میں امت مسلمہ کے لیے بہترین اسوہ موجود ہے۔ ایک مسلمان خاتون کے لیے سیرت فاطمۃ الزہراؓ میں زندگی کے تمام مراحل بچپن، جوانی، شادی، شوہر، خانہ داری، عبادت، پرورش اولاد، خدمت اور اعزا واقربا سے محبت غرض ہر مرحلہ حیات کے لیے قابل تقلید نمونہ موجود ہے۔ سیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی ذات مبارکہ خواتین کیلئے عملی نمونہ ہے۔

مذہبی سکالر سیدہ امامہ بخاری نے کانفرنس میں عائلی نظام زندگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک عورت خاندان کی عصمت وطہارت کا محور و مرکز ہوتی ہے اور جناب سیدہ کونین سلام اللہ علیہا نے اپنی مختصر مگر بابرکت و باشرف زندگی میں بیٹی، زوجہ اور ماں ہونے کی حیثیت سے کائنات کی تمام خواتین کیلے بہترین اور مناسب ترین نمونہ عمل پیش کیا ہے۔

معروف ماہر تعلیم عظمیٰ زریں نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیرت فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی ذات ہمارے دور کی ہر ماں، بیٹی اور بیوی کے لیے کامل نمونہ ہے۔ سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا ہمیں تین نسبتوں سے عزیز تر ہیں آپ نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی بیٹی، حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی بیوی اور سرداران نوجوانان جنت حضرت امام حسنؓ و حسینؓ کی والدہ ہیں۔

کانفرنس سے صباحت رمضان سیالوی، سیدہ ام فروا، نائب صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سدرہ کرامت و دیگر خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، نعت رسول مقبول ﷺ اورسیدہ کائنات سیدہ فاطمۃ الزہرہ سلام اللہ علیہا کی شان میں منقبت پیش کی گئی۔

کانفرنس میں عائشہ مبشر، ام حبیبہ اسماعیل،انیلہ الیاس، نورین علوی، ارشاد اقبال، حافظہ سحر عنبرین، لبنیٰ مشتاق، حاجرہ کتب اعوان، رافعہ عروج سمیت دیگر رہنماؤں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top