سیدہ کائنات، کائنات کی عظیم المرتبت ہستی ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 24 مارچ 2023ء

ہر باپ بیٹی سے شفقت کرکے حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرے
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست کا سیدہ کائناتؓ کے یوم وصال پر بیان

Sheikh-ul-Islam Dr Muhammad Tahir-ul-Qadri

لاہور (24 مارچ 2023) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خاتون جنت سیدہ فاطمۃ الزہراہؓ کے یوم وصال کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیدہ کائناتؓ، کائنات کی وہ عظیم المرتبت ہستی ہیں، جن کے پاکیزہ کردار کو حوالہ بنا کر اسلام نے عورت کی عصمت و عظمت کو بیان کیا۔

سیدہ فاطمۃ الزہراہؓ نسلوں کے اخلاق و کردار کی حفاظت اور خدمت دین و انسانیت کے اعتبار سے قیامت تک آنے والی خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔ ایک با عصمت اور کامیاب زندگی کیلئے خواتین سیرت سیدۃ النساء کی پیروی کریں۔ حضرت فاطمۃ الزہراہؓ کائنات کی وہ خوش قسمت بیٹی ہیں جنہیں محبوب خدا حضور نبی اکرم ﷺ اپنے جگر کا ٹکڑا اور آنکھوں کی ٹھنڈک فرماتے تھے اور جس ہستی کیلئے کائنات کا ذرہ ذرہ احتراماً دو زانو ہوتا ہے وہ محبوب خدا ﷺ خاتون جنت کے احترام کیلئے کھڑے ہو جایا کرتے تھے۔ روزمحشر خاتون جنت کیلئے اعلان ہو گا کہ نگاہیں جھکا لو محمد عربی ﷺ کی بیٹی تشریف لا رہی ہیں۔

حضرت علی کرم اللہ وجہہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا (اے بیٹی) اللہ تیری ناراضی کو دیکھ کر ناراض ہوتا ہے اور تیری خوشی کو دیکھ کر خوش ہوتا ہے۔ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ نے خود بیان کیا کہ میں نے حضور نبی اکرم ﷺ کے سوا فاطمہؓ سے کائنات میں کسی کو افضل نہیں دیکھا۔ جب کبھی سیدہ کائناتؓ آپ ﷺ کی مجلس میں تشریف لاتیں توآپ ﷺ مرحبا یا فاطمہؓ کہہ کر ان کا ہاتھ پکڑ لیتے، بوسہ لیتے اور فاطمۃ الزہراہؓ کو اپنی جگہ پر بٹھا دیتے۔

جب حضور نبی اکرم ﷺ گھر تشریف لاتے تو سیدہ کائناتؓ احتراما کھڑی ہو جاتیں اور دست بوسی رماتیں۔ بیٹیوں سے محبت حضور نبی اکرم ﷺ کی مبارک سنت ہے ہر باپ بیٹیوں سے محبت و شفقت کا برتاؤ کرکے حضور نبی اکرم ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرے۔ اللہ رب العزت سیدہ کائناتؓ کے ادب اور ان کی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top