اسلامی حکومت کی اولین ذمہ داری قیام امن ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 28 مارچ 2023ء

زندگی کے ہر شعبے کی ترقی اور خوشحالی امن سے وابستہ ہے: چیئرمین سپریم کونسل
حضور نبی اکرم ﷺ نے ریاستِ مدینہ میں سب سے زیادہ توجہ قیام امن پر دی، گفتگو

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri

لاہور (28 مارچ 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اسلامی حکومت کی اولین ذمہ داری قیام امن ہے۔ زندگی کے ہر شعبے کی ترقی اور خوشحالی امن سے وابستہ ہے۔ اسلام نے قیام امن پر سب سے زیادہ زور دیا ہے اور فساد فی الارض کرنے والوں کو قابل گردن زدنی قرار دیا ہے۔ جہاں امن ہو گا وہاں خوشحالی اور سکون ہو گا۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ریاستِ مدینہ کی داغ بیل ڈالتے ہوئے سب سے پہلے امن و استحکام پر فوکس کیا اور اس حوالے سے تمام قبائل کو جمع کر کے اتفاق رائے کے ساتھ میثاق مدینہ کیا۔ اس میثاق کے بعد معاشی ترقی اور اقتصادی استحکام کے دروازے کھلے۔ معاشی ترقی اوراقتصادی استحکام کے حصول کیلئے عالم اسلام کا ہر ملک قیام امن پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ اپنوں کی عاقبت نا اندیشی اور اغیار کی ریشہ دوانیوں کی وجہ سے عالم اسلام داخلی اعتبار سے انارکی اور عدم استحکام کا شکار ہے جس سے انسانیت اور انسانی اقدار پامال ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ انسانی جان و مال کے تحفظ اور امن عامہ کے اس قدر داعی تھے کہ آپ ﷺنے میثاق مدینہ میں بطور خاص یہ آرٹیکل شامل کروایا کہ پرامن شہریوں میں فساد پھیلانے والوں اور استحصال کرنے والوں کے خلاف اجتماعی سطح پر مزاحمت کی جائے گی چاہے کسی کا بیٹا ہی نقصِ امن میں ملوث کیوں نہ ہو۔ آپ ﷺ نے قتل ناحق کو ایک بہت بڑا جرم قرار دیا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ رمضان المبارک صبر و شکر کا مہینہ ہے۔ اس مہینے ہر روزہ دار یہ عہد کرے کہ وہ دلوں کو جوڑنے والا بنے گا توڑنے والا نہیں اور وہ ایسے رویوں سے دور رہے گا جو فساد اور مایوسی کا سبب بنتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top