منہاج القرآن کے شہر اعتکاف کی تیاریاں شروع

مورخہ: 31 مارچ 2023ء

رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ مکمل دوسرا 15 رمضان المبارک تک جاری رہے گا
شہر اعتکاف میں معتکفین کی سہولت کیلئے ہر ممکن سہولت دی جائے گی: سیکرٹری جواد حامد

Minhaj-ul-Quran-Itikaf-city

لاہور (30مارچ 2023) تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام حرمین شریفین کے بعد دنیائے اسلام کے سب سے بڑے شہر اعتکاف کے انتظامات و تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 11 اپریل 2023 کی شام ہزاروں لوگ توبہ، اصلاح احوال اور آنسوؤں کی بستی شہر اعتکاف میں 10 دن کیلئے گوشہ نشین ہوں گے۔ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک کے چاروں صوبوں اور دنیا کے کئی ممالک سے لوگ معتکف ہوں گے۔

سیکرٹری اعتکاف جواد حامد نے بتایا کہ اعتکاف میں شرکت کیلئے رجسٹریشن کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 15 رمضان المبارک تک جاری رہے گا۔ شہر اعتکاف میں معتکفین کی سہولت کیلئے مثالی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ انتظامی کمیٹیوں و منتظمین کے درمیان کوآرڈینیشن کیلئے کنٹرول روم بھی بنا دیا گیا ہے۔ ہزاروں معتکفین کیلئے حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کیا گیا تازہ کھانے کی بر وقت ترسیل کا مربوط نظام ترتیب دے دیا گیا ہے۔

معتکفین کیلئے واٹر فلٹر پلانٹ نصب کر دیا گیا ہے۔ گرمی سے بچاؤ کیلئے شہر اعتکاف میں دیوہیکل پنکھے بھی لگا دئیے گئے ہیں۔ ہیوی ڈیوٹی جنریٹرز کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے۔شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری روزانہ نماز تراویح کے بعد معتکفین سے خطاب کریں گے۔ کم عمر بچوں کے نفلی اعتکاف کیلئے الگ سے انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہر اعتکاف میں معتکفین کو 24 گھنٹے میڈیکل ایڈ بھی دستیاب ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے تربیتی لیکچرز بھی ہوں گے۔ جامع المنہاج بغداد ٹاؤن لاہور میں مرد و خواتین معتکفین کیلئے الگ الگ انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top