رمضان اللہ کی رحمت، بخشش اور مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ہے: شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری
صاحبزادہ شیخ حماد مصطفیٰ المدنی القادری نے ’’رمضان، ماہِ رحمت‘‘ کے عنوان سے منعقدہ آن لائن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان المبارک اللہ رب العزت کی رحمت، بخشش اور مغفرت طلب کرنے کا مہینہ ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی توفیق خاص اور اذن سے ہمیں سرشار فرمائے اور اپنی خاص رحمت اور عنایات سے نوازے۔
شیخ حماد نے کہا کہ یہ ماہ ہمیں اِس لیے عطا کیا گیا ہے تاکہ ہم روزہ اور قیام اللیل کے ذریعے پرہیزگار ہوجائیں، تقویٰ اختیار کریں اور ہمیں صالحیت نصیب ہوجائے۔ ہمیں چاہیے کہ اس ماہِ مقدس میں راتوں کو جاگ کر اللہ رب العزت کا ذکر کریں، اس کے حضور قیام اللیل کریں، اس کا ذکر کریں، اس کی تسبیح کریں، قرآن مجید کی تلاوت کریں، اپنے ظاہر و باطن کو منور کریں، اصلاح احوال کریں، اپنے اخلاق کو سنواریں۔
یہ آن لائن سیمینار منہاج یوتھ لیگ یورپ، منہاج مسلم جنریشن اور منہاج یوتھ لیگ انٹرنیشنل کے زیراہتمام منعقد ہوا جس میں دنیا بھر سے نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تبصرہ