حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کے خامۂ معجز رقم سے انگریزی ترجمۂ قرآن کی تکمیل پر ہدیۂ تبریک
کسی مفسر کے اپنے قلم سے عربی متن سے دو زبانوں میں ترجمۂ قرآن کرنے کی یہ پہلی مثال اور نظیر ہے۔ قبل ازیں ترجمۂ قرآن کی تاریخ میں مترجمین کے ہاں صرف ایک ہی زبان میں ترجمہ کرنے کی مثالیں ملتی ہے، جسے بعد ازاں دیگر مترجمین نے دوسری زبانوں میں منتقل کیا۔
15 مئی 2023ء کا دن جملہ اِسلامیانِ عالم کے لیے بالعموم اور مغربی دنیا میں بسنے والی انگریزی دان نوجوان نسل اور تحریک منہاج القرآن کے لیے بالخصوص باعثِ تشکر و اِمتنان ہے۔
یہ وہ مبارک اور فرحت آثار سوموار کا دن ہے، جب قبل اَز مغرب حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کو قرآن مجید کے عربی سے براہِ راست انگریزی زبان میں ترجمہ کی تکمیل کی یگانہ و منفرد سعادت نصیب ہوئی ہے۔
ذٰلِكَ فَضْلُ اللهِ يُؤْتِيهِ مَن يَّشَآءُ.
قرآنی تراجم کی تاریخ میں قرآن مجید کا سب سے پہلا مکمل ترجمہ نویں صدی عیسوی میں یونانی زبان میں ہوا۔ ملتِ اِسلامیہ میں پہلا ترجمۂ قرآن شیخ نظام الدین نیشاپوری (م728ھ) نے فارسی زبان میں کیا۔ لیکن برصغیر پاک و ہند میں جس فارسی ترجمۂ قرآن کو شہرت حاصل ہوئی وہ شاہ ولی اللہ محدث دہلوی (م1174ھ) کا ’’فتح الرحمان بترجمۃ القرآن‘‘ تھا۔ یوں قرآن مجید کے متعدّد زبانوں میں تراجم ہوئے۔ لیکن یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی مفسر کو خود براہِ راست عربی سے دو زبانوں میں ترجمۂ قرآن کی تکمیل کا فقید المثال اِعزاز حاصل ہوا ہے۔ قبل ازیں ترجمۂ قرآن کی تاریخ میں مترجمین کے ہاں صرف اپنی مادری، قومی یا کسی ایک ہی زبان میں ترجمہ کرنے کی مثالیں ملتی ہیں۔ پھر اُسی ترجمہ کو بعد ازاں دوسری زبانوں میں منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے 20 جولائی 2005ء کو وقتِ تہجد 3 بج کر 20 منٹ پر اُردو ترجمہ ’’عرفان القرآن‘‘ مکمل کیا تھا۔ بعد ازاں 2006ء میں حضور شیخ الاسلام کا انگریزی ترجمۂ قرآن The Glorious Qur’an کے نام سے شائع ہوا۔ یہ دراصل اُردو ’’عرفان القرآن‘‘ کا ہی اِنگلش ورژن تھا۔ واضح رہے کہ اُس وقت جدید انگریزی زبان میں قرآن مجید کے تراجم مارکیٹ میں عُنقا تھے، تاہم قدیم اَدقّ انگریزی زبان میں لکھے گئے تراجم موجود تھے۔ لہٰذا The Glorious Qur’an کو اُس وقت کے اِعتبار سے ایک ممتاز اور جدید ترین ترجمۂ قرآن ہونے کا شرف حاصل ہے۔ اب اس ترجمہ کو سترہ برس گزر چکے ہیں۔ لہٰذا ضروری تھا کہ مغربی دنیا ميں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کو جدید اور مروّجہ انگلش زبان میں قرآن مجید کے معانی و مفاہیم سے آگاہی دی جائے۔
اِس ضرورت کے پیشِ نظر حضور شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ نے عہدِ حاضر کی جدید، مروّجہ اور متداول انگریزی زبان میں براہِ راست عربی متن سے ترجمۂ قرآن کیا ہے۔ یہ بات بلا مبالغہ و اِشتباہ کہی جا سکتی ہے کہ کسی مفسر کے اپنے قلم سے براہِ راست عربی متن سے دو زبانوں میں ترجمۂ قرآن کرنے کی یہ پہلی مثال اور نظیر ہے۔ بحمد اللہ! اس پر مستزاد یہ کہ حضور شیخ الاسلام نے یہ تراجمِ قرآن بہ تائید ایزدی بغیر کسی معاوِنت کے اَوّل تا آخر اپنے معجز رقم قلم سے مکمل فرمائے ہیں۔
اِن شاء اللہ! نیا انگریزی ترجمۂ قرآن The Manifest Quran کے عنوان سے عنقریب چھپ کر منظر عام پر آ رہا ہے۔ اس کی تقریبِ رونمائی برطانیہ کی The University of Warwick میں اگست 2023ء کے آخری ہفتے میں منعقد ہونے والے سہ روزہ ’’الہدایہ‘‘ کیمپ میں کی جائے گی۔ جدید انگلش ترجمۂ قرآن The Manifest Quran کی نمایاں خصوصیات جلد سوشل میڈیا پر جاری کردی جائیں گی۔
تبصرہ