اللہ تعالیٰ نے حقوق والدین کو باقی تمام حقوق پر ترجیح دی: محمد عباس نقشبندی

مورخہ: 20 مئی 2023ء

والدین کی خدمت دینی و اخلاقی فریضہ ہے: پرنسپل تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ
تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ ماہانہ تربیتی نشست سے خطاب
طلبہ کو ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ”والدین کے آداب“ کے موضوع پر خطابات سنائے گئے

Monthly training session at Tahfeezul Quran Institute Lahore

لاہور (20 مئی 2023) تحریک منہاج القرآن کے ذیلی ادارے تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ ماہانہ تربیتی نشست میں طلبہ کو ”والدین کے آداب“ کے موضوع لیکچر دیا گیا۔ لیکچر میں قرآن مجید حفظ کرنے والے سینکڑوں بچوں نے شرکت کی، بچوں کو والدین کے ادب سے متعلق شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات بھی سنوائے گئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہم امن سے محبت کرنے والا معاشرہ اور قوم بن جائیں تو پھر ہمیں اپنے بچوں کو ادب سکھانا ہو گا اور ان کی اوائل عمری میں تربیت کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جو بچہ والدین کا ادب کرے گا وہ سوسائٹی میں ہر ایک کا ادب کرے گا اور جو بچہ والدین کا گستاخ ہو گا وہ سوسائٹی میں میں لاقانونیت کو فروغ دے گا اور سوسائٹی کے نظم و نسق کو برباد کرے گا، لہذا اساتذہ اور والدین کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کو با مقصد تعلیم بھی دیں اور انہیں ایک ذمہ دار شہری بننے کی تربیت بھی دیں۔

انہوں نے کہاکہ آج ہمارے معاشرے میں جتنی افراتفری، عدم برداشت اور انتہا پسندی ہے اس کی بڑی وجہ بچوں کو ادب کی تعلیم و تربیت نہ دینا ہے۔ انہوں نے کہاکہ منہاج القرآن کے تمام تعلیمی اداروں کی انفرادیت ہے کہ یہاں تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کو ادب بھی سکھایا جاتا ہے۔

تربیتی نشست میں قاری محمد اسماعیل سعیدی، قاری عبد الخالق قمر، قاری غلام مرتضیٰ، قاری غلام حسین سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top