عید الاضحی قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے: اشتیاق حنیف مغل

مورخہ: 08 جون 2023ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت قربانی کے جانوروں کی خریداری جاری ہے
خریداری کمیٹی میں ویٹنری ڈاکٹرز، شرعی سکالرز شامل صحت مند جانور خریدے جا رہے ہیں
منظم تنظیمی نیٹ ورک کے ذریعے پسماندہ علاقوں تک گوشت پہنچایا جائے گا: ڈپٹی ڈائریکٹر MWF

Eid ul Adha teaches sacrifice and brotherhood Ishtiaq Hanif Mughal

لاہور (8جون 2023ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن عید الاضحی پر مستحقین اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت سیلاب متاثرین تک بھی وقف (قربانی فی سبیل اللہ) کا گوشت پہنچائے گی۔ پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منظم تنظیمی نیٹ ورک کی وجہ سے دورداز کے پسماندہ علاقوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر قربانی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔

قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لے کر ان کی دیکھ بھال تک روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جاتی ہے۔ قربانی ایک مالی عبادت ہے۔ ہر وہ مسلمان جو صاحب نصاب ہو اس پر قربانی فرض ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت قربانی کے جانوروں کی خریداری جاری ہے۔ خریداری کمیٹی میں ویٹنری ڈاکٹرز، شرعی سکالرز بھی شامل ہوتے ہیں تا کہ قربانی کیلئے شرعی تقاضوں پر پورا اترنے والے صحت مند جانور خریدے جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق حنیف مغل نے قربانی مہم کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام جدید مشینوں پر سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان سلاٹر ہاؤسز میں گلوزاور ماسک کے استعمال سمیت حفظان صحت کے تمام اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قربانی کا فریضہ شرعی اصولوں کے مطابق ادا کیا جائے گا۔

اشتیاق حنیف مغل نے کہا کہ گوشت کی تازگی کو برقرار رکھنے کیلئے تھرماپول سے بنے ائیر ٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ گوشت پیک کر کے چلر گاڑیوں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپ اور خیمہ بستیاں قائم ہیں۔ متاثرہ خاندانوں میں پکے پکائے کھانوں کی ترسیل کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے کچن قائم کر رکھے ہیں جہاں سے متاثرین کو پکا پکایا کھانا تقسیم کیا جا رہا ہے۔

کپڑوں، بستر، ادویات اور راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں علاج، معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے موبائل ہسپتال، میڈیکل کیمپ اور فیلڈ ہسپتال بھی قائم کر رکھے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں پینے کا صاف پانی بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔ عید الاضحی قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ مستحقین اور ضرورت مندوں کو اپنی خوشیوں میں ضرور شریک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top