عید الاضحی قربانی اور ایثار کے جذبے کو فروغ دینے کا نام ہے: ثناء اللہ خان
مفلس و محروم افراد کو خوشیوں میں شامل کرنا ہی فلسفہ ایثار و قربانی ہے
ایک لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا
جدید مشینوں پر سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی کی جائے گی: ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن
لاہور (10جون 2023ء) ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انجینئر ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ عید الاضحی قربانی اور ایثار کے جذبے کو فروغ دینے کا نام ہے۔ قربانی و ایثار کا جذبہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہنا چاہیے، یہی وہ عظیم درس ہے جس میں دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔ اپنے ارد گرد موجود ضرورت مند، غریب اور مستحق افراد کی خوشیوں کا خیال رکھیں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ مفلس و محروم افراد کو خوشیوں میں شامل کرنا ہی فلسفہ ایثار و قربانی ہے۔ عید الاضحی کے مقدس ایام غریب پروری اور اسلام کے فلسفہ ایثار کا مظہر ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم اعوان و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ ثنا اللہ خان نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر سال کی طرح اس سال بھی ملک بھر میں اجتماعی قربانی کیلئے کیمپ لگائے گی۔ ہزاروں چھوٹے بڑے جانور ذبح کئے جائیں گے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن عید الاضحی پر مستحقین اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت سیلاب متاثرین تک بھی وقف (قربانی فی سبیل اللہ) کا گوشت پہنچائے گی۔ پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں منظم تنظیمی نیٹ ورک کی وجہ سے دورداز کے پسماندہ علاقوں تک قربانی کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کیا جائے گا۔ قربانی کے جانوروں کی خریداری جاری ہے۔ خریداری کمیٹی میں ویٹنری ڈاکٹرز، شرعی سکالرز بھی شامل ہوتے ہیں تاکہ قربانی کیلئے شرعی تقاضوں پر پورا اترنے والے صحت مند جانور خریدے جا سکیں۔ جدید مشینوں پر سلاٹر ہاؤسز میں اجتماعی قربانی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ان سلاٹر ہاؤسز میں گلوزاور ماسک کے استعمال سمیت حفظان صحت کے تمام اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قربانی کا فریضہ شرعی اصولوں کے مطابق ادا کیا جائے گا۔ گوشت کی تازگی کو برقرار رکھنے کیلئے تھرماپول سے بنے ائیر ٹائٹ ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ گوشت پیک کر کے چلر گاڑیوں کے ذریعے تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا گوشت حصے داران و مستحقین تک پہنچانے کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
تبصرہ