منہاج القرآن سیکرٹریٹ میں حافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد
حافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) نے ایک با مقصد اور با معنی زندگی گزاری: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
تحریک منہاج القرآن کے دیرینہ رفیق، سابق مرکزی صدر حافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) کی دینی، ملی و فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایک تعزیتی ریفرنس (دعائیہ تقریب) کا اہتمام کیا گیا۔ تعزیتی ریفرنس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کی۔
دعائیہ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں مشائخ و علما اور وابستگان اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) کا شمارتحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیا پیر سیدنا طاہر علاؤ الدین القادری الگیلانی البغدادیؒ کے خاص مریدوں میں ہوتا تھا۔ مقررین نے حافظ محمد امین الدین قادری کی مصطفوی مشن کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حافظ محمد امین الدین قادری ایماندار، مخلص اور با عمل شخصیت تھے۔ انہوں نے زندگی دین اسلام اور مصطفوی مشن کی سربلندی کیلئے بسر کی۔
تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حافظ محمد امین الدین قادری کا شمار تحریک منہاج القرآن کے بانی اراکین میں ہوتا ہے۔ وہ ایک درویش صفت، متقی، پرہیز گار، نفیس انسان تھے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن کے ساتھ انکی محبت اور وفاداری ساری زندگی اپنے کمال پر رہی۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ حافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) نے ایک با مقصد اور با معنی زندگی گزاری، خوش اخلاق، خوش گفتار اور درد دل رکھنے والے نیک انسان تھے۔ وہ نہ صرف حقوق اللہ کی ادائیگی کے پابند تھے بلکہ حقوق العباد ادا کرنے میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ بحثیت شفیق باپ حافظ محمد امین الدین قادری نے اپنی اولاد کی بہترین تربیت کی ہے۔ تعزیتی ریفرنس میں حافظ محمد امین الدین قادری(مرحوم) کے صاحبزادے محمدوسیم الدین قادری، احمد نعمان شیخ، حافظ سعید بن نعمان سمیت خاندان کے دیگر افراد نے شرکت کی۔
حافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) کے صاحبزادے محمد وسیم الدین قادری نے تعزیتی ریفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور تحریک منہاج القرآن کے جملہ رہنماؤں کا اپنی طرف سے اور اپنے اہل خانہ کی طرف سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ہمارا خاندان ہے، میرے والدحافظ محمد امین الدین قادری (مرحوم) کی منہاج القرآن کے ساتھ وابستگی زندگی کی آخری سانس تک قائم رہی اور وہ اس وابستگی پر ہمیشہ فخر کیا کرتے تھی۔
تعزیتی ریفرنس میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، راجہ زاہد محمود، حاجی محمد سلیم، حاجی محمد الیاس، حاجی منظور حسین، حافظ عامر سعید، مرزا اوصاف بیگ، اقبال مغل، سردار فتح اللہ، انعام اللہ خان، حاجی نثار شیخ، الطاف حسین شاہ، جواد حامد، حاجی محمد اسحق، شہزاد رسول، عابد بشیر، میاں زاہد اسلام، شاہد لطیف، سہیل رضا، ملک شمیم، حاجی ظفر اقبال، ندیم بیگ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
تبصرہ