شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لئے جامع شیخ الاسلام میں دعا
ظالم کیفر کردار کو ضرور پہنچیں گے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
شہداء اور ورثاء کو بھولے ہیں اور نہ کبھی بھول سکتے ہیں: چیئرمین سپریم کونسل
لاہور (16جون 2023ء) جامع شیخ الاسلام میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 9 ویں برسی کے موقع پر خصوصی دعا کروائی گئی اور شہداء کے بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔ دعا منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کروائی۔ انہوں نے کہا کہ 17 جون 2014ء کے دن نہتے اور معصوم کارکنان کے ساتھ ظلم ہوا۔ انصاف کے لئے شہداء کے ورثاء 9 سال سے قانونی چارہ جوئی کررہے ہیں اور اُس دن کے انتظار میں ہیں جس دن مظلوموں کو انصاف ملے گا۔ ہمارا ایمان ہے کہ ظالم ضرور کیفر کردار کو پہنچیں گے۔ اللہ کے نظام عدل میں دیر تو ہو سکتی ہے مگر اندھیر نہیں ہے۔ اللہ سب سے بڑا عادل ہے اور عدل کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے غریب اور مظلوم ورثاء عدل کے لئے عدلیہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی تنظیمات اور عہدیدار شہداء کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا اہتمام کریں۔ حصول انصاف کے لئے سینئر وکلاء کے ذریعے قانونی چارہ جوئی
جاری ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ایک دن ضرور انصاف ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے
شہداء اور ان کے ورثاء کو بھولے ہیں اور نہ کبھی بھول سکتے ہیں۔
دریں اثناء چیئرمین سپریم کونسل نے جمعۃ المبارک کے اجتماع سے ”شکر“ کے موضوع پر
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعمتوں کا شکر کرنے والوں کو اللہ اپنی مزید نعمتوں اور
برکتوں سے نوازتا ہے۔ آج وطن عزیز بحرانوں کا شکار ہے، لوگ پریشان اور ناامید ہیں،
یہ سب ناشکری کا نتیجہ ہے۔ اللہ نے ہمیں آزادی کی نعمت دی، ہر طرح کے پھل اور اناج
اگلنے والی زمینیں اور سرسبز میدان دئیے، پہاڑوں، معدنی خزانوں سے نوازا مگر ہم نے
محنت اور شکر کا دامن چھوڑ دیا جس کی وجہ سے نعمتوں کے ہوتے ہوئے بھی قوم بے حال
ہے۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے حال اور احوال بدل جائیں، تنگی کشادگی میں اور غربت آسودگی میں بدل جائے تو پھر محنت کا دامن تھامتے ہوئے ہر حال میں اللہ کا شکر ادا کریں۔ کفر ان نعمت کی بجائے شکران نعمت کی روش اختیارکریں۔
تبصرہ