شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 9 ویں برسی، شہر شہر دعائیہ تقاریب
چیف جسٹس سے جے آئی ٹی کا فیصلہ جلد کرنے کی اپیل ہے: خرم نواز گنڈاپور
پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کی راہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے خصوصی گفتگو
لاہور (17جون 2023ء) شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 9 ویں برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ پر قائم شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے راہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے اپیل ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس 9 سال سے انصاف کا منتظر ہے، چیف جسٹس سے جے آئی ٹی کا فیصلہ جلد کرنے کی استدعا ہے۔ فیئر تفتیش ہو گی تو کیس آگے بڑھے گا اور سانحہ کے حقیقی ذمہ داروں کا تعین ہوسکے گا۔ سپریم کورٹ کے حکم پر بننے والی جے آئی ٹی کو کام کرنے سے روکنا انصاف کے عمل کو ٹریک سے اتارنے کے مصداق ہے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کمزوروں کو دہائیوں انصاف کے لئے ہاتھ پاؤں نہ مارنے پڑیں، امن اور خوشحالی وہاں ہوتی ہے جہاں انصاف ہوتا ہے۔ انصاف کے بغیر معاشرے جنگل ہوتے ہیں۔ عدالتیں اور میڈیا بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور ریاست کی مضبوطی کے بنیادی ادارے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں طاقت کا بے رحم استعمال کیا گیا اور ہم نے عدالتوں میں جو ناقابل تردید ثبوت جمع کروائے ان میں زیادہ تر نیشنل میڈیا کی رپورٹس پر مشتمل ہیں۔ 17جون 2014ء کے روز صحافیوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر رپورٹنگ کی اور بھاری جانی نقصان سے بچایا۔
انہوں نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے مگر انہوں نے قانون کی حکمرانی اور مصطفوی نظام سیاست کے لئے جو ویژن دیا ہے اس کے مطابق عوامی تحریک اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کررہی ہے۔ ہم تصادم کی سیاست کے قائل نہیں ہیں۔ اپنا پرامن اور مثبت سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور تعلیم و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر بات کرنا ہو گی ورنہ نئی نسل مستقبل سے بہت پریشان ہے اور برین ڈرین خوفناک حدوں کو چھورہا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے راہنماؤں کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی۔
اس موقع پر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، راجہ زاہد محمود، نوراللہ صدیقی، جواد حامد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سردار عمر دراز خان، سہیل احمد رضا، شہزاد رسول، رانا وحید شہزاد، سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، راجہ ندیم ودیگر موجود تھے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے راہنماؤں نے خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر حاضری دی، پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، مرکزی راہنما شہدا کے ورثا کی رہائش گاہوں پر بھی گئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری سینئر خواتین راہنماؤں
کے ہمراہ تنزیلہ امجد شہید کی رہائش گاہ گئیں اور بسمہ امجد سے ملاقات کی اور ان کی
والدہ تنزیلہ امجد اور پھوپھی شازیہ مرتضیٰ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور
ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، پاکستان عوامی تحریک کی ضلعی و تحصیل تنظیمات کی طرف
سے شہر شہر دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں۔ قرآن خوانی کی مرکزی تقریب جامع شیخ الاسلام
ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں کارکنان و عہدیداروں نے شرکت
کی۔
شہداء کی قبروں پر انجینئر رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، راجہ زاہد محمود، رانا
نفیس حسین قادری، پروفیسر ذوالفقار، چودھری سلطان محمود، سہیل احمد رضا، طیب ضیاء،
طارق الطاف، حاجی امجد قادری، محسن اقبال نے حاضری دی۔
شہداء کی یادگار پر منہاج القرآن پبلک ریلیشنز، یوتھ لیگ، پاکستان عوامی تحریک، انٹرفیتھ ریلیشنز کی طرف سے پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔
تبصرہ