منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مراکز پر قربانی کیلئے رجسٹریشن جاری ہے: ثناء اللہ خان

مورخہ: 26 جون 2023ء

لاہور سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کر دئیے گئے
منہاج ویلفیئر کی جانب سے اجتماعی قربانی کی سہولیات میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے
دوردراز کے علاقوں تک گوشت پہنچانے کیلئے چلرز کا استعمال کیا جائے گا: ڈائریکٹر MWF

Registration Open for Qurbani

لاہور (25 جون 2023) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ہر سال کی طرح اس سال بھی لاہور سمیت پورے ملک میں انتہائی منظم طریقے سے بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی کا انتظام کیا جا رہا ہے، جانوروں کی خریداری مکمل ہو چکی ہے۔ تمام تر تیاریاں تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک کے بڑے شہروں میں اجتماعی قربانی کے مراکز قائم کر دئیے گئے۔ لوگ اپنی آسانیوں اور سہولیات کے پیش نظر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مراکز پر گائے، بکرے اور چھترے کی قربانی کیلئے رجسٹریشن کروا رہے ہیں۔ عیدالاضحی کے تینوں روز اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جائے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے اجتماعی قربانی کی سہولیات میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ لوگوں کی بڑی تعداد منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی اجتماعی قربانی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ثناء اللہ خان نے اجتماعی قربانی مہم 2023 کیلئے تشکیل دی گئی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کے گوشت کو ہائی جینک طریقے سے محفوظ بنانے اور اسے مستحقین تک پہنچانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سینکڑوں رضا کار گوشت کی تقسیم میں حصہ لیں گے اور قربانی کا گوشت مستحقین کے گھروں تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں مستحق خاندانوں کو قربانی گوشت پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ذبیحہ سے گوشت بننے تک کے تمام مراحل جدید مشینوں کے ذریعے سلاٹر ہاؤس میں مکمل کئے جائیں گے۔ قربانی کا گوشت ائیر ٹائٹ تھرما پول کے ڈبوں میں ڈرائی آئس کے ساتھ تقسیم کیا جائے گا۔ دوردراز کے علاقوں تک گوشت پہنچانے کیلئے چلرز کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

روجھان، حاصل پور، دادو، ڈیرہ اللہ یار، شکار پور، راجن پور سمیت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا جائے گا اور قربانی کا گوشت سیلاب متاثرہ علاقوں اور مستحقین تک پہنچایا جائے گا۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد دوردراز علاقوں میں قربانی کا گوشت سو فی صد ہائی جینک طریقے سے پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عید الاضحی ایثار، قربانی اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔ خوشی کے اس موقع پر مستحق عزیز و اقارب اور سیلاب متاثرہ ہم وطنوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اشتیاق حنیف مغل، منصور قاسم اعوان، رانا فیصل، معظم مصطفوی، عبد اللہ سعدی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top