قربانی سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے: خرم نواز گنڈاپور

ہزاروں مستحقین تک گوشت پہنچانے پر منہاج ویلفیئر کو مبارکباد دی
قربانی انفاق فی المال کا ذریعہ اوربہترین عبادت ہے، ناظم اعلیٰ

Qurbani drives the economy: Khurram Nawaz Gandapur

لاہور (یکم جولائی 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے ہزاروں مستحق خاندانوں میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا جس پر منہاج ویلفیئر کے منتظمین کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ایام قربانی کی برکت سے ہر غریب کا چولہا جلتا اور معیشت کا پہیہ چلتا ہے۔ قربانی انفاق فی المال کا ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین عبادت بھی ہے۔ قربانی ارتکاز دولت اور بخل کی بیماری کا علاج بھی ہے۔ ایثار سے استغنا پیدا ہوتا ہے جو اللہ کے بندوں کی خاص نشانی ہے، قربانی سے اسلامی برادرانہ اخوت کے جذبات فروغ پاتے اور سوسائٹی میں امن، محبت اور ہمدردی کی اقدار پنپتی ہیں۔

انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ایم ڈی فیصل حسین، نائب ناظم اعلیٰ ایڈمنسٹریشن جوادحامد، انجینئر ثناء اللہ خان اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امسال گوشت کی تقسیم اور پیکنگ کیلئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائی گئی اور حفظان صحت کے اصولوں پر پورا اترنے والا گوشت حصہ داران اور مستحقین تک پہنچایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں خدمتِ دین کے ساتھ ساتھ اسلامی اقدار و روایات کے احیاء کیلئے اپنا دینی فریضہ انجام دے رہی ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس سال پاکستان سمیت دیگر اسلامی ملکوں میں بھی اجتماعی قربانی کے کیمپ لگائے اور ہزاروں مستحقین میں گوشت تقسیم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کی راہ میں خرچ نہ کیا جانے والا مال جمع کرنے والے کے لئے تکلیف و آزار کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمیں قربانی کے روحانی فیوض و برکات سے بہرہ مند فرمائے اور عیدالاضحی کے مقدس ایام اور اللہ کی راہ میں کی جانے والی قربانیوں کے صدقے پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے اور ملت اسلامیہ کو اتحاد کی لڑی میں پروئے۔

Qurbani drives the economy: Khurram Nawaz Gandapur

Qurbani drives the economy: Khurram Nawaz Gandapur

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top