اعلانِ غدیر اعلانِ ولایت حضرت علی علیہ السلام ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

eid e ghadeer

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ جلیل القدر صحابی رسول اور بلند پایہ عالم اور محدث ہیں۔ آپ علیہ السلام بابِ مدینۃ العلم ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہے۔ لہذا جو اس شہرِ میں داخل ہونا چاہتا ہے اسے چاہیئے کہ وہ (اس) دروازے سے آئے۔ جس ہستی کے بارے میں معلمِ انسانیت صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یہ فرمان ہو اس کی شان و شوکت اور فضیلتِ علم و عرفان کے بارے میں ذہنوں میں ابہام آ بھی کیسے سکتا ہے! انہوں نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے بے پناہ محبت کامل ایمان کی نشانی ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حضرت علی رضي اللہ عنہ سے فرمایا تھا: ( اےعلی!) تجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا اور صرف منافق ہی تجھ سے بغض رکھے گا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ میری تازہ ترین تحقیق کے مطابق حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے روایت ہونے والی احادیث مبارکہ کی کل تعداد 15 ہزار 2 سو 66 ہے۔ آپؑ سب سے زیادہ احادیث مبارکہ روایت کرنے والے جلیل القدر صحابی رسول ہیں۔ یہ امر حیرانگی کا باعث ہے کہ اب تک حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے روایت ہونے والی حدیثوں کی تعداد 536 بیان کی جاتی رہی ہے۔ مگر اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور تاجدارِ کائنات خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے جب میں نے ذخیرۂ احادیث کو کھنگالا تو یہ بات پایۂ ثبوت کو پہنچی کہ سب سے زیادہ روایت کرنے والے صحابی رسول حضرت علی کرم اللہ وجہہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اعلانِ غدیر اعلانِ ولایت حضرت علی علیہ السلام ہے، جس کا اطلاق قیامت تک جملہ اہلِ ایمان پر ہوتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے 18 ذو الحجہ کو غدیر خم کے مقام پر حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا تھا: یہ ہر اُس شخص کا ولی ہے جس کا میں ولی ہوں، اور پھر آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے فرمایا: اے اللہ! جو اسے دوست رکھے اسے تو بھی دوست رکھ اور جو اس سے عداوت رکھے، اس سے تو بھی عداوت رکھ۔ رسول اللہ ﷺ نے حضرت علی سے فرمایا تھا: اے علی! تو دنیا و آخرت میں سردار ہے۔ تیرا محبوب میرا محبوب ہے اور میرا محبوب اللہ کا محبوب ہے اور تیرا دشمن میرا دشمن ہے اور میرا دشمن اللہ کا دشمن ہے اور اس کیلئے بربادی ہے جو میرے بعد تمہارے ساتھ بغض رکھے۔ حضرت شیخ الاسلام نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ رب العزت ہمیں صراطِ مستقیم پر چلائے اور ایمان کی سلامتی اور استحکام کی دولت سے مالا مال فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top