پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر شہر عظمت قرآن ریلیاں

قرآن پوری انسانیت کیلئے ذریعہ ہدایت ہے: علامہ رانا محمد ادریس
نائب ناظم اعلیٰ کا جامع شیخ الاسلام میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

لاہور (7جولائی 2023) پاکستان عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام شہر شہر عظمت قرآن ریلیاں نکالی گئیں اور منہاج القرآن کے علما و سکالرز نے جمعۃ المبارک کے اجتماعات سے قرآن مجید کی عظمت پر خطابات کئے۔ فیصل آباد، ملتان، سمندری، پاکپتن، ساہیوال، قصور، سیالکوٹ، پشاور، سرگودھا، منڈی بہاؤ الدین میں عظمت قرآن ریلیاں نکالی گئیں۔

جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہاکہ قرآن صرف امت مسلمہ کیلئے نہیں پوری انسانیت کیلئے ذریعہ ہدایت و نجات اور نصیحت ہے۔ غیر مسلم اگر اخلاص نیت کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیمات کو سمجھ لیں تو ہمارا کامل یقین ہے کہ ان کے دل ہدایت کے نور سے روشن ہو جائیں گے اور ان کے دلوں کی سختی ختم ہو جائے گی۔ منہاج القرآن پوری دنیا میں علوم القرآن، فہم القرآن اور تعلیم القرآن کے فروغ کی تحریک ہے۔

جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع میں ہزاروں شرکاء نے ہاتھ کھڑے کر کے اس بات کا مطالبہ کیا کہ قرآن مجید اور مقدسات کے بے حرمتی کا سلسلہ روکا جائے اورایسے قانونی اقدامات کئے جائیں کہ 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی جذبات کوئی مجروح نہ کر سکے ہم تمام مذاہب کی مقدس کتابوں کے احترام کی فکر رکھتے ہیں جو لوگ مقدسات کی توہین کرتے ہیں وہ امن کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ بین المذاہب رواداری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سچا مسلمان کبھی انتہا پسند نہیں ہو سکتا ہمارا مذہب ہمیں رواداری، برداشت، صبر و تحمل سکھاتا ہے۔ ایک مسلمان کا اس وقت تک ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا جب تک وہ تمام آسمانی کتابوں پر ایمان نہ لے آئے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی مسلمان نے کسی مذہب کی مقدس کتاب کی توہین نہیں کی۔ جمعۃ المبارک کے اجتماع کے اختتام پر”عظمت قرآن ریلی“ نکالی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top