اسلام کی عمارت اہل بیت اطہار علیہم السلام اور صحابہ کرامؓ کی قربانیوں پر قائم ہے: علامہ رانا محمد ادریس

Rana-Muhammad-Idrees-addresses-jummah-gathering

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ اللہ کریم نے جس دین مبین کو حضور خاتم النبین حضرت محمد مصطفی ﷺ پر مکمل فرمایا ہے، اس کی تاریخ اصحاب رسول رضوان اللہ تعالیٰ اجمعین سے شروع ہوتی ہے۔ صحابہ کرام وہ عظیم المرتبت ہستیاں ہیں جنہیں آقائے دو جہاں ﷺ کی صحبت حاصل رہی ہے۔ صحابہ کرامؓ کی تعلیمات رہتی دنیا تک کے مسلمانوں کیلئے بہترین اور قابل تقلید نمونہ ہے۔ صحابہ کرام نے نا صرف بہترین انسانی معاشرے کی فلاح و بہبود کیلئے کام کیا بلکہ بطور حکمران بھی صحابہ کرام ؓ قیامت تک آنے والے حکمرانوں کیلئے رول ماڈل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں ”عظمت صحابہ“ کے موضوع پر جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام نے ترویج اسلام کیلئے جو اصول اور ضابطے وضع کئے آج بھی ان پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ اسلام کی عمارت اہل بیت اطہار اور صحابہ کرامؓ کی قربانیوں و خدمات پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ صحابہ کرامؓ کی تعلیمات اور ان کی سیرت کو عام کیا جائے، جس سے نہ صرف نوجوان نسل بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی مستفید ہو سکیں۔ صحابہ کرامؓ حضور نبی اکرم ﷺ کے صحیح تائب بنے۔ صحابہ کرامؓ نے علم بھی سیکھایا اور عمل کرکے بھی دکھایا۔ قرآن مجید نے صحابہ کرامؓ کی تعریف فرمائی ہے اور ان سے راضی ہوجانے کی خوشخبری بھی دی ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کے دلوں میں صحابہ کرامؓ کی عظمت و محبت کو پیدا کیا جائے اور انہیں صحابہ کرامؓ کی روشن تاریخ سے روشناس کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ کی شان بہت اعلیٰ و ارفع ہے۔ان مقدس ہستیوں پر اللہ پاک کا بے حد فضل و کرم ہے۔ ہمیں چاہیے ان پاکیزہ نفوس کی محبت دل میں بساتے ہوئے ان کے حالات و واقعات کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور دونوں جہاں میں کامیابی کے لئے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زندگی بسر کریں۔

Rana-Muhammad-Idrees-addresses-jummah-gathering

Rana-Muhammad-Idrees-addresses-jummah-gathering

Rana-Muhammad-Idrees-addresses-jummah-gathering

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top