علماء محرم الحرام میں رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کا پیغام دیں: منہاج القرآن علماء کونسل

اتحاد و یکجہتی کیلئے حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنا ہو گی: علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری
منہاج القرآن علماء کونسل محرم الحرام میں پیغام امام حسین ؑ کانفرنسز منعقد کرے گی: مفتی غلام اصغر صدیقی
محرم الحرام کی مقدس تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے: علامہ محمد اشفاق علی چشتی

Meeting Minhaj ulma Consil

لاہور (17جولائی 2023) محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے منہاج القرآن علماء کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا، اجلاس میں منہاج القرآن علماءء کونسل کے مرکزی، صوبائی وضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے مقدس ایام میں محراب و منبر سے امن و محبت، رواداری اور بین المسالک ہم آہنگی کے پیغام کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں اپیل کی گئی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علماءئے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، یگانگت اور اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام امن پسندی کے نمائندہ تھے اور یزید ظلم و دہشت گردی کا نمائندہ تھا۔ ہمیں اتحاد و سلامتی، برداشت و روداری، اخوت و بھائی چارے اور علم و عمل کی راہ پر چلنا ہے تو نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی پیروی کرنا ہو گی۔ عدم برداشت، ظلم و بربریت یزید کا راستہ ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہا کہ منہاج القرآن یکم تا 10 محرم پورے ملک میں پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنسز کا انعقاد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کے مہینے کو عظمت اہل بیت و شان اہل بیت کے طور پر منایا جائے گا۔ مفتی غلام اصغر صدیقی نے منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے اپیل کی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علماءئے کرام امن، محبت، اخوت و بھائی چارے کا عظیم جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم و مقدس مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا حقیقی پیغام دیں تاکہ اسوہ شبیری علیہ السلام کو اپنی ذات، اپنے خاندان اور پوری سوسائٹی پر پوری طرح نافذ کیا جا سکے۔

مرکزی ناظم منہاج القرآن علماء کونسل علامہ محمد اشفاق علی چشتی نے کہا کہ علماءئے کرام علمی، عملی، تحریری اور تقریری طور پر اس محترم مہینے میں اخوت محبت اور رواداری کو فروغ دے کر دوسروں کی اصلاح کی کوشش کریں۔ محراب و منبر سے اتحاد بین المسلمین کی بات کریں تاکہ امت مسلمہ انتشار سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہاکہ محرم الحرام کی مقدس تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی بھی فراہم کی جائے تا کہ کسی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آ سکے۔

اجلاس سے علامہ سید علی عابد مشہدی، علامہ حافظ خلیل احمد قادری، علامہ حافظ محمد طاہر ضیاء، علامہ محمد رفیق رندھاوا، علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top