شہدائے کربلا کی قربانیوں سے اہل حق کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

محرم الحرام فضیلت، عظمت اور حرمت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے
زندگی حق کے ساتھ بسر کرنی ہے تو سیدنا امام حسینؑ کے کردار سے رہنمائی لینا ہو گی

Press Release Dr-Hussain Qadri

لاہور (21 جولائی 2023) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ﷺ حسنین کریمین سے والہانہ محبت فرماتے تھے۔حضور نبی اکرم ﷺ کا فرمان ہے کہ ”میں تم میں دو عظیم چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں ان میں سے ایک اللہ کی کتاب ہے اسے مضبوطی سے تھامے رکھو، دوسرے میرے اہل بیت ہیں“۔ یزید ملعون اور اس کے بد بخت ساتھیوں نے فرمان رسول ﷺ کی نفی کرتے ہوئے اہل بیت اطہارؑ پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے اورر خود کو ہمیشہ کیلئے لعنت کا مستحق ٹھہرا لیا۔

پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ محرم الحرام اپنی فضیلت،عظمت اور حرمت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے، یہ مقدس و محترم مہینہ دین اسلام کی بقا، استحکام اور سربلندی کیلئے نواسہ رسول حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام اور اہل بیت اطہارؑ کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ خانوادہ رسول ﷺ کی شہادت کرہ ارض کا المناک اور اندوہناک سانحہ ہے جسے انسانیت تاقیامت کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ پیغام کربلا یہ ہے کہ حق کا ساتھ دینا حسینیت اور دنیاوی مفادات کے لئے جھوٹ کا ساتھ دینا یزیدیت ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین علیہ السلام نے میدان کربلا میں غلبہ حق کے لئے عظیم قربانی دے کر یزید کے باطل نظریات کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے رد اور بے نقاب کر دیا، کربلا کے ریگزاروں سے شعور و آگہی اور حق وصداقت کے چشمے پھوٹے۔ زندگی حق کے ساتھ بسر کرنی ہے تو پھر سیدنا امام حسین علیہ السلام کے کردار سے رہنمائی لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانیوں سے اہل حق کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ ملا۔ یزیدیت آج بھی اسلام کی قدریں مٹانے، امت کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لئے سرگرم ہے جبکہ حسینیت اتحاد امت، اخوت، محبت، امن، حق گوئی و بے باکی کا نام ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top