حسینی نظریہ اسلام کی بقا اور انسانی وقار کا ضامن ہے: علامہ رانا محمد ادریس

امام حسینؑ نے انسانیت کو حریت فکر و سوچ، آزادی رائے، جرأت اظہار اور یقین و ایمان سے سرشار کیا
شہادت سیدنا امام حسینؑ کا پیغام یہ ہے کہ اُمت مسلمہ میں وحدت، یگانگت اور یکجہتی پیدا ہو، کانفرنس سے خطاب

TMQ Press Releae

لاہور (24 جولائی 2023ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مقدس و محترم مہینہ ہمیں نواسہ رسولؐ حضرت سیدنا امام حسینؑ کی اس عظیم قربانی کی یاددلاتا ہے جو دینِ محمدی ﷺ کی بقا کا باعث بنی۔ حضرت سیدنا امام حسینؑ اور ان کے رفقاء نے دین اسلام کی بنیادی اقدار اور سچائی کے اظہار کے لئے میدان کربلا میں اپنا اور اپنی اولاد کا خون دے کر دین اسلام کو بچایا۔ حضرت امام عالی مقامؑ کی عظیم قربانی معراج انسانیت ہے۔ حضرت امام حسینؑ انسانیت کو حریت فکر و سوچ، آزادی رائے، جرأت اظہار اور یقین و ایمان سے سرشار کرنے کے لئے میدان عمل میں نکلے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن ظفروال کے زیراہتمام منعقدہ ”شہادتِ امام حسینؑ کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں، اہم سیاسی، مذہبی، سماجی شخصیات اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ علامہ رانا محمد ادریس نے شہادتِ امام حسینؑ کی شان و فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا امام عالی مقامؑ نے اپنا خون دے کر قیامت تک آنے والی نسلِ انسانی کو فکری حریت اور ایمانی غیرت سے بہرہ ور کر دیا ہے۔ میدان کربلا میں دو شخصیات نہیں بلکہ ود نظریات کا ٹکراؤ ہوا تھا۔ حسینی نظریہ اسلام کی بقا اور انسانی وقار کا ضامن بنا۔ حضرت امام عالی مقامؑ اپنی شان اور جلال کے ساتھ میدان کربلا میں کامیاب و کامران رہے۔ یزید اپنے باطل ارادوں اور باطل نظریات میں ناکام و نامراد ہوا۔ شہادت سیدنا امام حسین ؑ کا پیغام یہ ہے کہ اُمت مسلمہ میں وحدت، یگانگت اور یکجہتی پیدا ہو۔ اُمت مسلمہ تباہی کے گڑھے میں گرنے سے بچے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات اور مقصد کو سمجھا جائے۔ آپؑ کے نقش قدم پر چل کر اپنی اصلاح کی جائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top