منہاج القرآن کے زیراہتمام ”پیغامِ امام حسینؑ و اتحادِ اُمت کانفرنس“

Imam Hussain Conference by Minhaj ul Quran

اہلِ بیت اطہارؑ کی محبت جزو ایمان اور اُمت کا مشترکہ اثاثہ ہے، علمائے کرام
مختلف مسالک کے علماء کو متحد کرنے پر ادارہ منہاج القرآن مبارکباد کا مستحق ہے
سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، پروفیسر ظفراللہ شفیق، صاحبزادہ پیر محمد قمر الشکور کا اظہار خیال

لاہور (31 جولائی 2023ء)منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام جامع شیخ الاسلام میں ”پیغامِ امام حسینؑ واتحاد اُمت کانفرنس“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام نے کہا کہ محبتِ اہل بیت جزو ایمان اور اُمت مسلمہ کا مشترکہ اثاثہ ہے۔ مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کو اتحاد کی لڑی میں پرونے کے حوالے سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ادارہ منہاج القرآن کی خدمات قابل تقلید ہیں۔ شیخ الاسلام کی طرف سے ہر موقع پر تمام مسالک کے علمائے کرام کو اپنے پلیٹ فارم پر جمع کر کے اُمت کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا جاتا ہے۔

علمائے کرام نے کہا کہ حضرت امام عالی مقام نے یزید کے باطل اقتدار کے خلاف سینہ سپر ہو کر قیامت تک کے اہل ایمان کو یہ پیغام دیا ہے کہ جب بات دینی اقدار اور حق و صداقت کی ہو تو پھر ظلم کے سامنے سینہ سپر ہو جائیں۔ اتحادِ اُمت کانفرنس سے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، صدر نظام المدارس پاکستان علامہ مفتی امداد اللہ قادری، پروفیسر علامہ ظفراللہ شفیق، علامہ صاحبزادہ پیر محمد قمر الشکور، علامہ اشفاق احمد چشتی نے خطاب کیا۔

کانفرنس سے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے علمائے کرام کو منہاج القرآن آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ جب ہر مکتبِ فکر کے علماء ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوتے ہیں تو وہاں اللہ کی رحمتوں کا نزول بڑھ جاتا ہے اور اتحاد و یکجہتی کی خوشبو قریہ قریہ پھیل جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نفرتوں اور فرقہ واریت کے خاتمے اور اتحادِ اُمت کی بات کی۔ آج پاکستان کو اتحاد و یکجہتی اور رواداری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت اطہار حق و صداقت کا استعارہ ہیں۔ اسی لئے حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا قرآن اور میری عترت کو تھامنے والے کبھی گمراہ نہ ہوں گے۔

جامع شیخ الاسلام میں اتحادِ اُمت کانفرنس میں شکیل احمد طاہر، امجد بلالی، ظہیر بلالی، شہزاد برادران نے ہدیہ تبریک پیش کیا۔ اتحادِ اُمت کانفرنس میں قاری اللہ بخش نقشبندی نے تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر انجینئر محمد رفیق نجم، جواد حامد، علامہ مفتی غلام صدیقی، ڈاکٹر علی اکبر الازہری، نائب ناظم اعلیٰ مظہر محمود علوی، صاحبزادہ اُسامہ شاہ بخاری، علامہ عین الحق بغدادی، سید مشرف شاہ، سہیل احمد رضا، سدرہ کرامت سمیت خواتین کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔ کانفرنس میں منہاج القرآن کے مرکزی راہ نماؤں و عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top