پاکستان کو اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے:شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 12 اگست 2023ء

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست کا یوم آزادی پر پیغام
شیخ الاسلام نے شہدائے پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی

لاہور (12 اگست 2023ء) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 14 اگست یوم آزادی کے موقع پر پوری قوم کو آزادی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ بانی پاکستان نے کہا تھا قرآن مجید مسلمانوں کا ضابطہ حیات ہے، اس میں مذہبی، مجلسی، دیوانی، فوجداری، عسکری، تعزیری، معاشی اور معاشرتی غرض یہ کہ سب شعبوں کے احکام موجود ہیں، مذہبی رسوم سے لے کر روزانہ کے امور حیات تک، روح کی نجات سے لے کر جسم کی صحت تک، اخلاق سے لے کر انسداد جرم تک، زندگی میں جزا و سزا سے لیکر عقبیٰ کی جزا و سزا تک احکامات موجود میں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس یوم آزادی پر کہوں گا کہ پاکستان کا ہر شہری قرآن مجید کو تھام لے۔ اللہ کے اس پاک کلام میں دنیا و آخرت کے جملہ مسائل کا حل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں اقلیتوں کا احترام سکھاتا ہے، خواتین کی عزت، معیشت کے جائز ذرائع، متوازن بین الاقوامی تعلقات اور اعتدال و رواداری کی تعلیم دیتا ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کی قرارداد کی منظوری کے بعد قائداعظم محمد علی جناحؒ سے سوال کیا جاتا تھا کہ لوگ کہتے ہیں کہ قرارداد تو پاس ہو گئی لیکن پاکستان شاید 100 برس میں بن سکے؟۔ بانی پاکستان بڑے پرعزم اندازمیں اس کا جواب دیتے تھے کہ جب مسلمانوں کے پاس یہ کتاب (قرآن مجید) موجود ہے انہیں پریشان ہونے کی کیا ضرورت ہے؟۔ لہٰذا اللہ کے اس پاک کلام کو اپنی زندگیوں پر نافذ کر لیں سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ کی ایک بہت بڑی نعمت ہے اس نعمت کی قدر کی جائے۔ تحریک پاکستان کے موقع پر اسلامیان برصغیر نے جان ومال کی قربانیاں دے کر یہ وطن حاصل کیا تھا۔ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ہم اس وطن کی تعمیر کر سکتے ہیں اور اسے حقیقی معنوں میں ہر طبقہ فکر کیلئے ایک محفوظ پناہ گاہ بناسکتے ہیں۔ انہوں نے شہدائے آزادی کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top