قرآن پاک کی بے حرمتی سنگین واقعہ ہے ملزم کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہئے: علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر

مورخہ: 17 اگست 2023ء

توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ سے اسلام اور پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچا
عبادت گاہوں کے تقدس کی پامالی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے: ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان

Ijlas ulma council in lahore

لاہور (17 اگست 2023ء) منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر منہاج القرآن علماء کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی نے کی۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی، صوبائی، ضلعی رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ و نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن علماء کونسل علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہا ہے کہ قرآن پاک کی بے حرمتی سنگین واقعہ ہے، ملزم کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے تا ہم جڑانوالہ واقعہ پر قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی رو سے رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ جلاؤ گھیراؤ کی قانون اجازت دیتا ہے اور نہ یہ رویہ مصطفوی تعلیمات کے مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے حرمتی کے جرم کے خلاف واضح قوانین موجود ہیں، مجرموں کو سزا دینا عدالت کا کام ہے۔ قرآن مجید کی مبینہ بے حرمتی کے واقعہ کے بعد لاؤڈ سپیکر کا منفی استعمال کرنے والوں، اشتعال پھیلانے اور توڑ پھوڑ، جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ان کے اس عمل سے اسلام اور پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ بے حرمتی کرنے والا ایک مجرم ہے مگر گرجا گھروں اور کئی گھروں کو جلا دینا کون سی مسلمانیت اور انسانیت ہے۔ عبادت گاہوں کے تقدس کی پامالی اسلامی تعلیمات کے منافی ہے۔ اجلاس میں علامہ عثمان سیالوی، علامہ امداد حسین شاہ، علامہ عامر سلیم، پیر عنایت الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top