منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے مستحقین کیلئے رعایتی دستر خوان

مورخہ: 21 اگست 2023ء

جہلم، میر پور کے بعد اسلام آباد میں کم آمدنی والے شہریوں کیلئے دستر خوان کا آغاز کیا گیا ہے
50 روپے ادا کر کے کوئی بھی شخص رعایتی دستر خوان سے کھانا کھا سکتا ہے: منصور قاسم

Press Release MWF

لاہور (21 اگست 2023) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے جہلم اور میر پور کے بعد مستحقین کیلئے اسلام آباد میں رعایتی دسترخوان کا آغاز کر دیا ہے۔ رعایتی دسترخوان کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر پروجیکٹس منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان منصور قاسم اعوان نے خصوصی شرکت کی۔

دستر خوان کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منصور قاسم اعوان نے کہا کہ رعایتی دسترخوان غریب و مستحقین کی مدد کیلئے جاری منصوبہ جات میں ایک اور کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رعایتی دسترخوان سے کوئی بھی ضرورت مند 50 روپے میں کھانا کھا سکتا ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار غریب، نادار اورمستحق خاندانوں کو فری کھانا ان کے گھروں میں بھی پہنچائیں گے۔ رضا کاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں ہیں۔ کھانے کی تقسیم کے دوران لوگوں کی عزت نفس کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ جہلم اور میر پور میں 3 سال سے رعایتی دستر خوان منصوبہ جاری ہے اور الحمد اللہ آج سے اسلام آباد میں بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی میں رعایتی دسترخوان مستحق افراد کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی رعایتی دستر خوان کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اسے ملک کے دوسرے شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔

منصور قاسم اعوان، زین العابدین، صدر تحریک منہاج القرآن اسلام آباد حفیظ اعوان، طارق مغل، وسیم مغل، احمد علی سمیت دیگر رہنماؤں نے دستر خوان کے باورچی خانے کا خصوصی معائنہ بھی کیا اور کھانا کھانے والے افراد سے ملاقات بھی کی۔

رہنماؤں نے کہا کہ لوگوں کی خدمت اور ملکی کی خوشحالی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مشن ہے۔ دستر خوان سے مستفید ہونے والے افراد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کیلئے اس طرح کی سہولت کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھانے کا معیار بہت بہترین ہے اور اس کا موازنہ کسی بھی اچھے ہوٹل کے کھانے سے کیا جا سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top