تعلیم کا مقصد پر امن اور صالح معاشرے کی تشکیل ہے: سعید رضا بغدادی

مورخہ: 24 اگست 2023ء

مراکز علم کے قیام کا مقصد اخلاقی و روحانی تربیت اور کردار سازی ہے: حسن محمود جماعتی
منہاج القرآن علم، امن، رواداری، احترام انسانیت پر مبنی پیغام کو فروغ دے رہی ہے
ایک روزہ مراکز علم ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب، معلمین و معلمات کی شرکت

Marakaz e ilm training workshop in mandi bahauddin

لاہور(24 اگست 2023) ڈائریکٹر نظامت ایجوکیشنل اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ تحریک منہاج القرآن حافظ محمد سعید رضا بغدادی نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ معاشرے کی پہچان صبر، انکساری، شکرگزاری اور عزم و استقلال جیسی بہترین صفات ہوتی ہیں۔ تعلیم یافتہ معاشرہ ہی با حوصلہ، باہمت اور انسانی اقدار کا سچا علمبردار مانا جاتا ہے۔

تعلیم کا اصل مقصد یہی ہے کہ پاکیزہ اور صالح افکار سے متصف معاشرے کی تشکیل عمل میں آئے تاکہ معاشرہ ہمدردی، غمگساری اور خیر سگالی کے جذبے سے معمور ہو جائے۔ تعلیم و تربیت انسان کو جہالت کے گھپ اندھیروں سے نکال کر علم و عرفان اور شعور و آگہی کی زینت سے مزین کرتی ہے۔ بچوں کو تعلیم و تہذیب کی اعلیٰ اقدار و روایات کی جانب مائل کر دیا جائے تو معاشرے میں امن و استحکام آ جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاؤ الدین میں ایک روزہ مراکز علم ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ سعید رضا بغدادی نے ’’مراکز علم‘‘ کی اہمیت و تعارف اور نصاب کی تدریس و قیام کے لائحہ عمل کے حوالے سے شرکاء کوآگاہی فراہم کی۔ ٹریننگ ورکشاپ میں تحریک منہاج القرآن منڈی بہاؤالدین کے عہدیداران، معلمین و معلمات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر علامہ حسن محمود جماعتی نے ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مراکز علم کے قیام کا مقصد مختلف شعبہ ہائے زندگی کے لوگوں کی اخلاقی و روحانی تربیت اور کردار سازی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اگلے 5 سال میں ملک بھر میں 25 ہزار مراکز علم قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن پاکستان سمیت پوری دنیا میں فروغ علم، امن، رواداری، احترام انسانیت پر مبنی پیغام کو فروغ دے رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top