داتا علی ہجویریؒ تصوف کی تاریخ میں برگزیدہ ترین ہستیوں میں سے ایک ہیں: علامہ رانا ادریس
’کشف المحجوب‘ کردار سازی اور انسانیت سے محبت کے حوالے سے مشعل راہ ہے
صوفیا کرام کی تعلیمات انسانیت کی بھلائی و رہنمائی کے لیے ہوتی ہیں: نائب ناظم اعلیٰ
لاہور(8 ستمبر 2023) تحریک منہاج القرآن کے نائب ناظم اعلیٰ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ اولیائے کرام نے اپنے اخلاق و اعمال، خدمت خلق اور تعلیمات سے مخلوق کے دلوں کو جیتا۔ اللہ والے دلوں کو جوڑنے والے ہوتے ہیں، توڑنے والے نہیں۔ صوفیاء کرام کی یہ شان اور شناخت ہے کہ فرقہ واریت ان کی تعلیمات کو چھو کر بھی نہیں گزری، ان کی تعلیمات انسانیت کی بھلائی و رہنمائی کے لیے ہوتی ہیں۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کا صوفیاء کرام میں بلند تر مقام ہے، ان کی تعلیمات اور تصنیف ’کشف المحجوب‘ کردار سازی اور انسانیت سے محبت کے حوالے سے مشعل راہ ہیں۔وہ جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہاکہ داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی دعوت دین مذہبی منافرت اور مسلکی تفریق سے بالاتر تھی۔ حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ اسلامی تصوف کی تاریخ میں برگزیدہ ترین ہستیوں میں سے ایک ہیں۔ آپ نے حضور نبی اکرم ﷺ کے اُسوہ حسنہ کی پیروی میں مخلوق خدا کی دن رات خدمت کی۔ انہوں نے تفرقہ سے اجتناب اور اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کے اُلوہی پیغام کو عام کیا۔
علامہ رانا محمد ادریس نے کہاکہ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ تصوف کے امام، انسانیت سے محبت اور بین المذاہب رواداری کے علم بردار تھے۔ آپ نے علم و معرفت کے جو چراغ جلائے اہل حق تاقیامت ان سے روشنی حاصل کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حضرت داتا علی ہجویری رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیف کشف المعجوب مسائل شریعت، طریقت اور معرفت کا ایک بیش بہا خزانہ ہے۔ کشف المعجوب کاملین کیلئے رہنما ہے اس کا مطالعہ کرنے والوں کو دولت عرفان و ایقان حاصل ہوتی ہے۔ شکوک و شبہات کی وادی میں بھٹکنے والے یقین کی دنیا میں آباد ہو جاتے ہیں۔
تبصرہ