منہاج القرآن ویمن لیگ ایگرز کے زیراہتمام بچوں کی استقبال ربیع الاول مشعل بردار ریلی

ڈاکٹر حسن قادری اور ڈاکٹر حسین قادری نے ریلی میں شریک بچوں کا استقبال کیا
ریلی مرکزی سیکرٹریٹ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ تک نکالی گئی
ریلی میں شریک ننھے مشعل بردار بچوں نے آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا ﷺ کے نعرے لگاتے رہے
والدین اپنے بچوں کی اسلامی تربیت کے لئے انہیں محافل میلاد میں شریک کریں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

Eagers Milad rally

لاہور (17 ستمبر 2023ء) منہاج القرآن ویمن لیگ کے ڈیپارٹمنٹ ”ایگرز“کے زیراہتمام استقبال ربیع الاول کے سلسلے میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رہائش گاہ تک ننھے مشعل بردار بچوں کی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی پوتیوں اور نواسے، سکینہ حسین، مروہ حسین، حامد مصطفی نے کی۔ ننھے بچوں نے ہاتھوں میں شمعیں پکڑ کر آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا، سیدی مرشدی، یانبی یانبی ﷺ کے نعرے لگائے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ریلی میں شریک بچوں پر گل پاشی کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ وہ والدین خوش قسمت ہیں جو اپنے بچوں کی اسلامی تربیت کرنے کے لئے ان کو تحریک دیتے ہیں۔ بچوں کی اسلامی تربیت کے لئے والدین انہیں میلاد کی محافل میں شریک کریں۔ حضور نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق بسر ہونے والی زندگی ہی کامیاب زندگی ہے۔ تحریک منہاج القرآن آئندہ نسلوں کے دلوں کو بھی عشق مصطفی ﷺ کی خوشبوؤں سے معطر کررہی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں، نوجوانوں، مرد وخواتین کے دلوں کو عشق مصطفی ﷺکی شمعوں سے روشن کیا ہے۔ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں نبی آخر الزماں ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی جو وجۂ تخلیق کائنات ہیں۔ انہوں نے ریلی میں شریک بچوں کو ربیع الاول کی مبارکباد ی اور انہیں نصیحت کی کہ وہ حضور نبی اکرم ﷺ سے سچی محبت ہے تو پھر نماز ادا کریں اور اپنے والدین کا ادب اور احترام کریں۔

منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر فرح ناز، سدرہ کرامت، امہ حبیبہ اسماعیل، ام کلثوم، سعدیہ احمد، امام فاطمہ، دانیہ، شمزہ سمیت منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنماؤں ایگرز کی 35رکنی ایگزیکٹیو کمیٹی نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ خواتین رہنماؤں نے بچوں کو تحائف بھی دئیے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top