تربیت سے محروم استاد دشمن سے زیادہ خطرناک ہے: نظام المدارس پاکستان

تقریب تقسیم انعامات سے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ضیاء اللہ شاہ بخاری، آغا جواد نقوی کا خطاب
قاسم علی شاہ، مفتی بدرالزمان قادری، مفتی زبیر فہیم، ڈاکٹر میر آصف اکبر و دیگر کا اظہار خیال
مدارس دینیہ کو قومی تعلیمی دھارے سے نکالنا سازش تھی: علمائے کرام کا تقریب سے خطاب

Nizam ul Madaris Pakistan certificate distribution ceremony

لاہور (17 ستمبر 2023) نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتما م دوسری سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں ممتاز علمائے دین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینیہ نظام المدارس کی طرز پر ٹیچرز ٹریننگ پروگرام شروع کرے، تربیت سے محروم استاد دشمن سے زیادہ خطرناک ہے۔ مدارس دینیہ کو قومی دھارے سے نکالنا ایک بڑی سازش تھی، ریاست پاکستان کی مدارس دینیہ کے معاملات کو بہتر بنانے کے لئے توجہ قابل ستائش ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نظام المدارس پاکستان کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ قرآنی علوم کے فروغ سے اعتدال اور رواداری کی قدریں بحال ہوں گی، جس علم سے وسعت قلب، برداشت اور رواداری کے اوصاف پیدا نہ ہو اس پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے نظام المدارس پاکستان کو شفاف امتحانی نظام اور موثر مانیٹرنگ کا سسٹم وضع کرنے پر اطمینان اور خوشی کااظہار کیا۔

تقریب سے سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، آغا جواد نقوی، نظام المدارس پاکستان کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر محمد میر آصف اکبر، سید قاسم علی شاہ، علامہ بدرالزمان قادری، پیر ضیاء الحق نقشبندی، مفتی زبیر فہیم، علامہ عین الحق بغدادی نے اظہار خیال کیا اور اول، دوئم، سوم آنے والے طلباء و طالبات میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔

سید ضیاء اللہ شاہ بخاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوسائٹی میں در آنے والی انتہاء پسندی کو ختم کرنا علماء کرام کی دینی و قومی ذمہ داری ہے اور مدارس دینیہ کا اس میں بہت اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ادارے اور ان کا تحقیقی کام اتحاد امت کے لئے ہے۔

آغا سید جواد نقوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایسی علمی شخصیات، اداروں، تحریکوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے جو دلوں کو جوڑتی ہیں۔ ادارہ منہاج القرآن بھی ان میں سے ایک ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری جدید تقاضوں کے مطابق ایجوکیٹ کررہے ہیں۔

مفتی بدرالزمان قادری نے کہا کہ اساتذہ کی تربیت بہت ضروری ہے۔ مدارس دینیہ کو عصری تعلیمی اداروں سے الگ کرنا سازش تھی۔

سید قاسم علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری ایک ایسی علمی شخصیت ہیں کہ ہر شخص کو ان سے سیکھنے کو ملتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ نظام المدارس پاکستان ایسے علماء تیار کررہا ہے جو سوسائٹی کے امن اور اتحاد کے لئے کام کریں گے۔

مفتی زبیر فہیم نے نظام المدارس پاکستان کے امتحانی نظام کو جدید ترین قرار دیا۔ پیر ضیاء الحق نقشبندی نے کہا کہ منہاج القرآن کا فرقہ واریت سے دور دور تک کوئی واسطہ نہیں۔ یہ خالصتاً علمی تحریک ہے۔

ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار نظام المدارس پاکستان کے ملک گیر امتحانی سینٹرز کی کامیاب آن لائن مانیٹرنگ کی گئی اور اس کے لیے ایک جدید سافٹ وئیر تیار کروایا گیا ہے۔ شفاف امتحانی نظام، نظام تعلیم کے لئے ریڑھ کی ہڈی ہے۔ ہم طلباء میں صحت مند علمی مقابلے کی استعداد پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

تقریب میں بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروری، علامہ غلام اصغر صدیقی، جی ایم ملک، نور اللہ صدیقی، علامہ اشفاق چشتی، ڈاکٹر شفاقت بغدادی الازہری، سدرہ کرامت اور طلباء و طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Nizam ul Madaris Pakistan certificate distribution ceremony -1

Nizam ul Madaris Pakistan certificate distribution ceremony -1

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top