مصر یونیورسٹی کے پروفیسر کالج آف شریعہ کی تقریب میں شرکت کرینگے

تخصص فی الفقہ کا 2 سالہ تعلیمی پروگرام مکمل کرنے والوں کو ڈگریاں دی جائیں گی
تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارابی آڈیٹوریم میں 30 ستمبر 2023ء کو ہو گی
مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر اسامہ محمد العبد الازہر یونیورسٹی مصر کے سابق وائس چانسلر اور ممبر پارلیمنٹ ہیں
تخصص فی الفقہ کے طلباء کو مصر، سوڈان، تیونس اور پاکستان کے نامور پروفیسر پڑھاتے ہیں: ڈاکٹرممتازالحسن باروی

لاہور (20 ستمبر 2023ء) جامع الازہر مصر کے سابق وائس چانسلر اور ممبر پارلیمنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسامہ محمد حسن العبد اور حدیث سائنسز کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر اللبان 30 ستمبر 2023ء کو منہاج یونیورسٹی لاہور میں متخصصین و مفتیانِ کرام (اسلامک جیورسٹس) کے اعزاز میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت اور خطاب کریں گے۔ یہ پُروقار تقریب منہاج یونیورسٹی لاہور کے فارابی آڈیٹوریم میں منعقد ہو گی۔ تقریب سے تحریک منہاج القرآن کے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری بھی خطاب کریں گے۔

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے تقریب سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی زیر نگرانی ”تخصص فی الفقہ“ کے 2 سالہ ڈگری پروگرام کا اجراء کیا تھا اس کے پہلے سیشن کے طلباء و طالبات نے بڑی کامیابی اور مہارت کے ساتھ اس تعلیمی پروگرام کو مکمل کیا ہے اور وہ ڈگری کے اہل قرار پائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے ممتاز تعلیمی ادارے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ اسلامی قوانین کی تشریح اور فتویٰ جاری کرنے والے مفتیان کی ایک خاص علمی سطح اور تربیت ہونی چاہیے کیونکہ کسی بھی مفتی کے فتویٰ کا سوسائٹی کے امن و اعتدال، ایمان و اعتقاد سے بڑا گہرا واسطہ ہوتا ہے اور عائلی، کاروباری دیگر سماجی امور میں عامۃ الناس، مفتیان کرام سے شرعی رائے لینے کے لئے بڑی تعداد میں رجوع کرتے رہتے ہیں۔ اس دینی، ملی و قومی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے تخصص فی الفقہ کا ڈگری پروگرام جاری کیا گیا ہے جس نے بڑی کامیابی کے ساتھ اپنے پہلے سیشن کو مکمل کیا ہے اور الحمداللہ طالب علموں اور ماہرینِ فقہ کی طرف سے بڑی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تخصص فی الفقہ کے ڈگری پروگرام کی یہ انفرادیت ہے کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز میں زیر تعلیم طلبہ کو علوم الفقہ کے بین الاقوامی ماہرین کی تدریسی سہولت میسر ہے۔ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلباء کو مصر، سوڈان اور تیونس کے ماہرینِ علوم الفقہ پڑھارہے ہیں۔ عرب اساتذہ کے علاوہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے نامور ماہر اسلامک سکالرز،بینکنگ سیکٹر اور اقتصادی امور کے ماہرین کی تدریسی خدمات بھی لی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تخصص فی الفقہ ڈگری پروگرام کے اجراء سے حلال انڈسٹری کو درپیش ماہر افرادی قوت کی کمی کا مسئلہ بھی حل ہو گا اس کے ساتھ ساتھ بینکنگ سیکٹر کو بھی کوالیفائیڈ اور اسلامک لاء کے ماہر سکالرز کی خدمات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تخصص فی الفقہ کے ڈگری پروگرام کے دوران بینکنگ سیکٹرکے ماہرین بھی لیکچرز کے لئے بلائے جاتے رہے ہیں اور انہوں نے ہمارے اس اسلامی لاء سے متعلق ڈگری پروگرام کو بے حد سراہا ہے اور ان کی طرف سے کالج ہذا کے طلباء کو انٹرن شپ کی سہولت بھی آفر کی ہے۔

ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے مزید کہا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز تخصص فی الفقہ کا واحد قومی تعلیمی ادارہ ہے جہاں 22 مضامین نہ صرف پڑھائے جارہے ہیں بلکہ عملی مشق بھی کروائی جاتی ہے۔ ہمارے متعارف کروائے گئے تخصص فی الفقہ نصاب کی یہ انفرادیت بھی ہے کہ اس سے طلباء و طالبات میں فکری واضحیت اور وسعتِ مطالعہ کا ذوق بھی پیدا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے متعارف کروائے گئے تخصص فی الفقہ نصاب میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ سکالرز اسلامی قوانین کی تشریح کرتے ہوئے اعتدال اور توازن کو ہر حال میں پیش نظر رکھیں اور وہ قرآن و سنت کی تعلیمات کی روح کے مطابق لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کریں نہ کہ مشکلات۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top