کالج آف شریعہ کے زیراہتمام ضیافت میلادالنبی ﷺ کا انعقاد
رسول اکرم ﷺ کی ولادت کی خوشی منانابہت بڑی سعادت ہے: ڈاکٹر شفاقت بغدادی
طلبہ نے قرآت اور حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے
محب اللہ اظہر، رانا محمد اکرم قادری، قاری نصیر افضل و دیگر اساتذہ کی شرکت
لاہور (23 ستمبر 2023) کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (بزمِ منہاج)کے زیراہتمام ضیافتِ میلاد النبی ﷺ کی تقریب منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہوئی۔ ضیافت میلاد کی تقریب میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے طلبہ نے قرآت اور حضور نبی اکرم ﷺ کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ مصر سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ قاری الشیخ الکبیر صالح الطنطاوی حفظہ اللہ اور قاری محمد مدثر نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور تلاوت کلام مجید کی سعادت حاصل کی۔
نوید نقیبی، سبحان علی سعیدی، احمد مصطفیٰ، رضاء المصطفیٰ قادری اور حسن عبداللہ قادری نے بارگاہ خیر الانام ﷺ میں ہدیہ عقیدت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ ممتاز اسلامی سکالر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیرز ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی نے تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی منانابہت بڑی سعادت کی بات ہے۔حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات مقدسہ کو اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے بہترین نمونہ قرار دیا ہے۔ ہم حضور نبی اکرم ﷺ کی پاکیزہ زندگی کو سامنے رکھ کر اپنی زندگیاں آسان بنا سکتے ہیں۔ حضور نبی اکرم ﷺ ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ ہیں اس پر ہمیں اللہ کریم کاشکر گزار ہونا چاہیے۔
جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے سینئر طلباء قوت علی فاتح، حمار رفیق مدنی، محمد احسن چشتی اور حافظ محمد طیب و دیگر نے بھی سیرت النبی ﷺ اور اسوہ حسنہ کے موضوعات پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو حضور نبی اکرم ﷺ کی ذات بابرکات سے عشقی تعلق زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ تعظیم نبوی ﷺ دنیا و آخرت میں کامیابی کا واحد راستہ ہے۔
ضیافت میلاد میں، سرپرست بزمِ منہاج محمد محب اللہ اظہر، رانا محمد اکرم قادری، قاری سید خالد حمید کاظمی الازہری، قاری نصیر افضل الازہری اور حافظ محمد ابوبکر و دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں درود سلام کے نذرانے پیش کیے گئے اور عالم اسلام کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی گئی۔
تبصرہ