منہاج القران انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیرِاہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد
منہاج القران انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیرِاہتمام جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس کا انعقاد شائنی سٹار ہال میں کیا گیا جس میں منہاج القران انٹرنیشنل ڈنمارک کے قائدین و کارکنان اور عاشقانِ رسول ﷺ نے شرکت کی۔
پروگرام کی صدارت امیرِ منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک شیخ اشفاق نے کی جبکہ علامہ عبدالستار سراج، ڈاکٹر عرفان ظہور احمد، سیف شہباز، ماہ نور عُرفان سمیت مقررین نے خطاب کیا اور پاکستان سے تشریف لائے نامور نعت خواں شہباز سمیع اور محمد علی جرال نے ہدیۂ عقیدت بحضور سرورِ کائنات ﷺ پیش کیا۔ استاد حمزہ یوسف نے نقابت کے فرائض انجام دئے، قاری حسیب یوسف نے تلاوتِ کلامِ رحمن کی اور ادارہ منہاج القرآن میں زیرِتعلیم بچوں نے عید میلادالنبی ﷺ کی نسبت سے انفرادی اور گروپس کی صورت پرفارم کیا۔
علامہ عبدالستار سراج نے موضوع کی مناسبت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میلاد النبی یا جشنِ میلاد النبی ﷺ ایک اسلامی تہوار یا خوشی کا دن ہے جو اکثر مسلمان مناتے ہیں۔ یہ دن مسلمان ہر سال اپنے نبی محمد ﷺ کی ولادت کی مناسبت سے مناتے ہیں۔ یہ ربیع الاوّل کے مہینہ میں آتا ہے جو اسلامی تقویم کے لحاظ سے تیسرا مہینہ ہے۔ ویسے تو میلاد النبی ﷺ اور محافلِ نعت کا انعقاد پورا سال ہی جاری رہتا ہے، لیکن خاص ماہِ ربیع الاوّل میں عید میلاد النبی ﷺ کا تہوار پوری مذہبی عقیدت اور احترام سے منایا جاتا ہے۔
سسٹر لیگ کی نمائندگی کرتے ہوئے ماہ نور عرفان نے مختصر اور جامع پیغام دیتے ہوئے
سورۂ یونس کی آیت 58 کی بڑے خوبصورت انداز میں وضاحت فرمائی۔
اس موقع پر صدر منہاج یوتھ لیگ سیف شہباز نے حاضرین کو 14 اکتوبر کو ہونے والے پروگرام
’’الرحمہ” کی دعوت دی اور نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان خود شناسی سے
خدا شناسی کا سفر طے کریں، اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں اور اپنے سماج سے ہر قسم
کی برائی کو ختم کرکے ایک مثالی معاشرہ قائم کرنے کی کوشش کریں جس میں امن سلامتی برداشت
رواداری اور اخوت، سخاوت اور محبت جیسی خوبیاں موجود ہوں۔
پروگرام کے آخر میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر عرفان ظہور احمد نے تمام حاضرین کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور جملہ منتظمین کو شاندار انتظامات پر مُبارکباد پیش کی۔
پروگرام کا اختتام آقا کریم حضورﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام کی گونج میں کیک کاٹنے پر کیا گیا اور تمام امت مسلمہ کی سلامتی اور خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔
تبصرہ