منہاج القرآن کی 40ویں عالمی میلاد کانفرنس آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں ہو گی

Almi Milad conference Minar e Pakistan Lahore

لاہور(27 ستمبر 2023) تحریک منہاج القرآن کی 40ویں عالمی میلاد کانفرنس آج 28 ستمبر مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہوگی، بانی و سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کانفرنس سے خصوصی خطاب کریں گے۔ عالمی میلاد کانفرنس میں جامعہ الازہر مصر یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر، ممبر پارلیمنٹ پروفیسر ڈاکٹر اسامہ محمد حسن العبد اور علوم الحدیث کے استاد پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر اللبان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہیں گے۔ اندرون و بیرون ملک سے مشائخ عظام، علمائے کرام، عالمی شہرت یافتہ قرآن، نعت خوان حضرات اور عالم اسلام کی نامور شخصیات خصوصی شرکت کریں گی۔

کانفرنس میں چیئرمین روئت ہلال کمیٹی علامہ سید عبد الخبیر آزاد، سربراہ عروۃ الوثقی علامہ سید جواد نقوی، مفتی زبیر احمد فہیم، سید شمس الرحمان مشہدی، سید صمصام علی شاہ بخاری، سید صفدر شاہ گیلانی، سردار محمد خان لغاری، دیوان احمد مسعود چشتی، خواجہ امعین الدین محبوب کوریجہ، سید سعید الحسن شاہ سمیت ممتاز مذہبی، سیاسی، سماجی، علمی شخصیات شرکت کریں گی۔ 40 ویں عالمی میلاد کانفرنس کیلئے مینار پاکستان میں مرد و خواتین کے لئے الگ الگ پنڈال بنائے گئے ہیں۔

سیکرٹری عالمی میلاد کانفرنس جواد حامد نے کہا ہے کہ مینار پاکستان میں آنے والے قافلوں کی رہنمائی کے لئے مختلف راستوں پر استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جارہے ہیں۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ عظام اور مذہبی رہنماء بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ مینار پاکستان کے سبزہ زار کو برقی قمقموں سے روشن کر دیا گیا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top