فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے محمدی اخلاقیات اپنائیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

International Milad-Conference at Minar e Pakistan Lahore

منہاج القرآن کے زیراہتمام عالمی میلاد کانفرنس میں عوام کا سمندر مینارِ پاکستان اُمڈ آیا
جامع الازہر مصر کے شیوخ ڈاکٹر اسامہ حسن العبد، ڈاکٹر نصر اللبان، ڈاکٹر حسن قادری کا فکر انگیز خطاب
جملہ مسالک کے علماو مشائخ کی شرکت، خواتین و بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی
23 مارچ کو لاکھوں افراد نے پاکستان بنانے کا عزم کیا، آج تعمیر نو کا عزم کرتے ہیں، مقررین

لاہور (30 ستمبر 2023ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ 40ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرتوں کے خاتمے کیلئے محمدی اخلاقیات اپنانا ہوں گی۔ معاشی، معاشرتی بحرانوں نے اخلاقی بحران اور رویوں میں بگاڑ کی شکل اختیار کر لی ہے اس بگاڑ کی اصلاح کیلئے سیرتِ طیبہ کے ہر گوشے کو اپنی زندگیوں پر عملاً نافذ کیا جائے، 23 مارچ 1940 کے دن مینار پاکستان کے اسی مقام پر لاکھوں فرزندانِ توحید و عشاقانِ مصطفیﷺ نے پاکستان حاصل کرنے کا عزم کیا تھا آج ولادتِ مصطفی ﷺ کے مبارک موقع پر پاکستان کی تعمیر و ترقی، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور ہر قسم کے متشدد رویوں اور عدم برداشت سے نجات کیلئے تجدید عہد کیا جائے۔ اخلاقی بگاڑ نے انسانوں سے انسانیت چھین لی۔ حلال، حرام کا فرق مٹ گیا، ظالم اور مظلوم کی مدد کے تصورات بدل گئے، جنگ کے بغیر ہر شخص حالت جنگ میں ہے، اللہ نے جتنی باقی عمر عطا کی ہے میں اس کا ہر لمحہ اخلاقیاتِ محمدی کی ترویج و اشاعت اور فروغ کیلئے بروئے کار لانا چاہتا ہوں۔ بگاڑ کے اس ماحول میں ہر فرد کو داعی بننا ہو گا اور اپنی دعوتِ دین کو علمی رسوخ سے پختہ بنانا ہو گا۔ ہمیں سیرتِ طیبہ کو فروغ دے کر مٹ جانے والی اخلاقی قدروں کا ازسرنو احیاء کرنا ہو گا۔ میں نوجوانوں کو مصطفوی اخلاقیات کا پیکر دیکھنا چاہتا ہوں۔

عالمی میلاد کانفرنس سے جامع الازہر مصر یونیورسٹی کے سابق چانسلر اور ممبر پارلیمنٹ مصر پروفیسر ڈاکٹر اسامہ محمد حسن العبد، پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر الدسوقی اللبان، استاذ الحدیث و علوم الحدیث الازہر یونیورسٹی، مصر، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، سربراہ جامعہ عروۃالوثقیٰ سید آغا جواد نقوی، معروف اسلامی سکالر جسٹس (ر) نذیر احمد غازی، خرم نواز گنڈاپور، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مفتی زبیر فہیم، مولانا محمد خان لغاری، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، سید حسنین رضا شاہ، پیر سید شاہ شہزاد ظفر، علامہ پیر ضیاء الحق نقشبندی، پیر سید لطف اللہ شاہ، پیر سید صفدر حسین گیلانی نے اظہار خیال کی۔

فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے رواں سال منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے شائع ہونے والی کُتب کا تعارف پیش کیا اور اعلان کیا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تالیف کردہ 60 جلدوں پر مشتمل ’’الموسوعہ القادریہ فی العلوم الحدیثیہ (انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز)‘‘ کے مقدمہ پر مشتمل پہلی 8 جلدوں کی تقریب رونمائی یکم اکتوبر کو ایوان اقبال لاہور میں ہوگی۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے عربی زبان میں خطاب کیا اور عرب شیوخ کو پاکستان آمد اور عالمی میلاد کانفرنس میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔

40ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی، کانفرنس میں عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے شرکت کی۔ خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد ولادت پاک کے جشن میں شریک تھی، بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوانوں نے رسالت مآبؐ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ قومی و بین الاقوامی قراء حضرات نے خوبصورت آواز میں تلاوت قرآن مجید پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ مینار پاکستان کا وسیع عریض سبزہ زار شب بھر درود و سلام کی صداؤں سے گونجتا رہا، نوجوانوں، بچوں، بچیوں نے فضا میں ہزاروں کی تعداد میں رنگ برنگے غبارے اور کبوتر چھوڑ کر ولادت پاک کا جشن منایا، تحفیظ القرآن انسٹی ٹیوٹ کے بچوں نے رقت آمیز انداز میں نشید اور ایگرز کے بچوں نے نعتیہ ٹیبلو پیش کیا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوانوں، سمیع بلالی برادران، ظہیر بلالی براداران، خرم شہزاد برادران، شکیل طاہر، معروف آرٹسٹ ھنی البیلہ نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ قاری سید خالد حمید کاظمی نے عربی نشید پیش کی۔ دعائے خیر سابق صوبائی وزیر پیر سید سعید الحسن شاہ نے کروائی۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یادگارِ پاکستان پر 40ویں عالمی میلاد کانفرنس کے مثالی انتظامات پر جملہ تنظیمات، منہاج ٹی وی، یوتھ لیگ، ایم ایس ایم، پبلک ریلیشن ڈیپارٹمنٹ، انٹر فیتھ ڈیپارٹمنٹ، میڈیا و سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ، ویمن لیگ، نظامت تربیت، نظامت دعوت، نظامت کورسز، نظامت ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ، علماء کونسل، نظام المدارس پاکستان، منہاج انٹرنیٹ بیورو، انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ، پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، سکیورٹی سٹاف کے جملہ ذمہ داران و ممبران کو مُبارکباد دی، مثالی انتظامات پر تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست نے سربراہ میلاد کمیٹی خرم نواز گنڈاپور اور سیکرٹری میلاد کمیٹی محمد جواد حامد کو مُبارک باد دی۔

International Milad-Conference at Minar e Pakistan Lahore

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top