کامل ایمان اللہ اور اس کے رسول کے احکامات کی تعمیل کا نام ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز فی زمانہ علم حدیث کی قابل قدر خدمت ہے، چئیرمین سپریم کونسل
پشاور میں سیرت النبی کانفرنس اور انسائیکلوپیڈیا آف سنہ کی مشترکہ تقریب سے خطاب
لاہور (8 اکتوبر 2023) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پشاور میں سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کانفرنس اور انسائیکلوپیڈیا آف حدیث سٹڈیز (الموسوعہ القادریہ فی العلوم الحدیثیہ) کی رونمائی کی مشترکہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمان اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے احکامات کی تعمیل کا نام ہے۔ ولادت پاک کے ماہ مبارک میں آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنتوں کو زندہ کرنا اور فرامین مقدسہ کی ترویج و اشاعت کے لئے خدمت انجام دینا سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے فروغ کا ایک احسن اور مقبول عمل ہے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تالیف کردہ انسائیکلوپیڈیا آف سنہ علم الحدیث کی قابل ستائش اور قابل تقلید خدمت ہے۔ ہم اللہ رب العزت کے حضور اس خدمت کی قبولیت اور مقبولیت کے لیے بصد عجز و نیاز دعا کرتے ہیں۔ انسائیکلوپیڈیا آف علوم الحدیث سٹڈیز کا مطالعہ موجودہ اور آئندہ نسلوں اور اہل علم حضرات کے قلوب و اذہان کو معانی و معارف کے ایک نئے جہان سے روشناس کروائے گا۔ اللہ تعالیٰ کا کروڑ ہا شکر ہے کہ علماء کرام اور علوم الاسلامیہ کے اساتذہ کی طرف سے اس انسائیکلوپیڈیا کی پرجوش انداز میں پذیرائی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تالیف کردہ انسائیکلوپیڈیا آف سنہ گزشتہ 8 سو سال کی آئمہ و محدثین کی تصانیف کے مطالعہ کا نچوڑ ہے، اللہ رب العزت کا حکم ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو، رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی اطاعت ان کے فرامین مبارکہ کی اتباع و متابعت اور ان کا فروغ ہے۔ علم حدیث کے بغیر دین مصطفیٰ ﷺ کی جامعیت کے ساتھ درست تفہیم ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند ذہن علم حدیث کی ثقاہت پر انگلی اٹھا کر شکوک و شبہات کو جنم دے کر نئی نسل کے ذہنوں کو پراگندہ کر رہے تھے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے انسائیکلوپیڈیا پیڈیا آف حدیث سٹڈیز کے ذریعے شر پسندی کا دروازہ بند کر دیا ہے۔
تقریب سے ڈاکٹر صدیق علی چشتی مہتمم جامعہ غوثیہ معینیہ پشاور و اسسٹنٹ پروفیسر اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد، مقصود احمد سلفی نائب صدر متحدہ جمیعت اہلحدیث پاکستان، سعید حسین القادری آستانہ عالیہ ڈاک اسمعیل خیل نوشہرہ، شاعرہ و ادیبہ بشری فرخ، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ چودھری عرفان یوسف، ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر مرکزی ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان، پیر سید مجاہد حسین شاہ کاظمی صدر منہاج علماء کونسل ہزارہ ڈویژن، مفتی عثمان باچہ مدرس جامعہ غوثیہ معینیہ پشاور، مولانا شعیب خان ناظم اعلیٰ اتحاد المدارس خیبرپختونخوا، مفتی عسکر خان سعید صوبائی وو ث صدر نظام المدارس خیبرپختونخوا، صاحبزادہ منیب احمد آستانہ عالیہ پیر سباق شریف و صوبائی جنرل سیکریٹری پاکستان عوامی تحریک خیبرپختونخوا، مسز روبینہ معین نگران منہاج القرآن ویمن لیگ خیبرپختونخوا، حامد اشتیاق، احمد سیاب جنیدی، قاری سید روح اللہ شاہ نے شرکت اور اظہار خیال کیا۔
تبصرہ