بحرین: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ورکرز کنونشن میں شرکت و خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین کے زیراہتمام ورکرز کنونشن میں خصوصی شرکت و خطاب کیا۔ ورکرز کنونشن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین کے ذمہ داران، قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔
چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے تربیتی گفتگو کرتے ہوئے قرآن مجید کی آیات کی روشنی میں تنظیمی زندگی اور معاشرتی زندگی کو بہت ہی خوبصورت انداز میں بیان فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کا قرب نیک لوگوں کی صحبت میں بیٹھنے سے نصیب ہوتا ہے، حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اللہ رب العزت کی توفیق اور حضور تاجدارِ کائنات ﷺ کے نعلین پاک کے تصدق سے 90 ممالک میں منہاج القرآن کے سنٹرز قائم کئے ہیں، آپ مشرق سے مغرب تک جس ملک میں چلے جائیں وہاں آپ کو منہاج القرآن کے مراکز ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یاد رکھیں منہاج القرآن کا حقیقی ورکر وہی ہے جو تقوی والوں، محبت والوں اور پاکیزہ لوگوں کی صحبت اختیار کرتا ہے۔ جب آپ صالحین کی صحبت اختیار کرلیں تو پھر لازم ہے کہ اشرار کی صحبت سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن اللہ والوں کی، جوڑنے والوں کی تحریک ہے، ہمیشہ منظم رہیں، مضبوط رہیں اور مقامی سطح پر تنظیم کے ساتھ جڑے رہیں۔ اپنے دلوں میں وسعت اور رویوں میں خوبصورتی پیدا کریں، یہی منہاج القرآن اور شیخ الاسلام کا فلسفہ اور منہجِ حیات ہے، اتنی وسعت پیدا کریں کہ ہر کسی کے دل میں سما جائیں۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام رحمن اور نعت رسولِ مقبول سے ہوا، صدر شوریٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین نے چیئرمین سپریم کونسل کو کارکردگی رپورٹ پیش کی، جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے منہاج القرآن انٹرنیشنل بحرین کی کارکردگی کو سراہا، نیز الموسوعۃ القادریہ فی العلوم الحدیثیہ کے ٹارگٹس مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔
تبصرہ