منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے 34 ویں یوم تاسیس پر تقریب کا انعقاد

بلا تفریق دکھی انسانیت کی خدمت کی: ڈائریکٹر ویلفیئر ثناءاللہ خان
واٹر پراجیکٹ، فری دستر خوان، منصوبے جاری ہیں: ڈائریکٹر آپریشنزMWF
بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد،جی ایم ملک، معظم مصطفوی، اشتیاق حنیف، منصور قاسم کی شرکت

Minhaj Welfare 43 Foundation Day

لاہور (23 اکتوبر 2023ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی آفس میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں تحریک منہاج القرآن کے سینئر مرکزی رہنماؤں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر آپریشنز منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ثنا اللہ خان نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبہ جات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بلا تفریق دکھی انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے فلاحی منصوبے ملک بھر کے متاثرہ صوبوں میں جاری ہیں۔ بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی رہنمائی میں درجنوں فلاحی منصوبہ جات پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں واٹر فار آل کے عنوان سے جہاں دور دراز علاقوں سے پانی لایا جاتا ہے وہاں واٹر پراجیکٹ شروع کر رکھے ہیں۔ مستحق افراد کیلئے مختلف اضلاع میں فری و رعایتی دستر خوان کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں فری ڈسپنسریاں، ایمبولینس سروس، سیلاب سمیت دیگرقدرتی آفات میں ریسکیو سنٹرز کا قیام اور رضا کارانہ سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب متاثرین کی مختلف مراحل میں امداد کی گئی اور تیسرے مرحلے میں جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت میں گھر تعمیر کر کے دئیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ طب، تعلیم، روزگار، ہنر کدہ سمیت مختلف شعبہ جات میں شب و روز انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔

تقریب میں نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان، ڈائریکٹر فارن افیئرز منہاج القرآن انٹرنیشنل جی ایم ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر شکیل طاہر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل افیئرزMWF معظم مصطفوی، ڈپٹی ڈائریکٹر اشتیاق حنیف مغل، شفقت ندیم، ڈپٹی ڈائریکٹر پراجیکٹس منصور قاسم اعوان، رانا فیصل محمود سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر 34 ویں یوم تاسیس کا کیک کاٹا گیا اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top