منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام دو روزہ ورلڈ ریلیجینز کانفرنس
کانفرنس سے نگران وفاقی وزیر وصی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، وائس چانسلر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد کا خطاب
کانفرنس میں امریکہ برطانیہ، نیپال، سری لنکا، نائجیریا کی نامور علمی شخصیات کی شرکت
منہاج یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام چھٹی دو روزہ ورلڈ ریلیجینز کانفرنس کے پہلے روز مہمان خصوصی وفاقی وزیر سید وصی شاہ نے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو مبارکباد دی اور کہا کہ قومیں مکالمہ اور تحقیق کا کلچر اختیار کر کے ترقی کرتی ہیں، انسانیت کو درپیش مسائل اور اس کے مذہبی تناظر میں حل پر بین الاقوامی مکالمہ اور مذاکرہ کا اہتمام ایک بڑی قومی و علمی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے خاتمہ اور اعتدال و رواداری کے فروغ کے لئے بین المذاہب مکالمہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے دیگر ممالک سے آئے ہوئے سکالرز کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔
ڈاکٹر وصی شاہ نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کے لیے خدمات قابل تحسین ہیں، منہاج یونیورسٹی لاہور ان کے ویژن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے۔
بین الاقوامی کانفرنس کے پہلے روز افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا دنیا کی 84 فیصد آبادی کسی نہ کسی مذہب سے وابستہ ہے، ہر مذہب امن کے فروغ اور انسانیت کی فلاح کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو عالمی جنگوں میں 100 ملین انسان موت کے منہ میں چلے گئے۔ ایٹمی و کیمیائی ہتھیاروں کی تابکاری سے ہر سال 75 ہزار انسان موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ دنیا میں امن وانصاف کے قیام کے لیے تمام مذاہب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں ہی انسانیت کی بقا ہے۔ وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد نے کانفرنس میں خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور بین الاقوامی مقررین، محققین، سکالرز اور ماہرین کی کانفرنس میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا جبکہ ڈاکٹر ہرمن روبورگ نے کانفرنس کا تعارف پیش کیا۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں نیپال سے ڈاکٹر بھولے ناتھ یوگی اور امریکہ سے ڈاکٹر ترنجیت سنگھ نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس کے پہلے روز مجموعی طور 4 ٹیکنیکل سیشنز اور4 پینل ڈسکشنز کے علاوہ 16 ریسرچ پیپرز پیش کیے گئے۔
کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں ماڈریٹر فلپ ڈینکن پیٹر، ڈاکٹر یعقوب خان بنگش، جینفر جگ جیون، ڈاکٹر محمد حنیف، پروفیسر ڈاکٹر اختر حسین سندھو، سابق چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین، رہنما پیپلزپارٹی بیرسٹر عامر حسن سمیت منہاج القرآن انٹرنیشنل کے راہنماؤں نائب صدر بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، شہزاد خان، عائشہ شبیر، حفیظ چودھری، سہیل احمد رضا نے شرکت کی۔
تبصرہ