شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کینیڈا میں سالانہ غوثِ اعظمؓ کانفرنس میں شرکت و خطاب
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا میں سالانہ غوثِ اعظمؓ کانفرنس میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ سالانہ غوثِ اعظمؓ کانفرنس کا انعقاد مِسی ساگا مسلم کمیونٹی سنٹر کینیڈا میں ہوا، صاحبزادہ شیخ احمد مصطفیٰ العربی القادری نے خصوصی شرکت کی۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شیخ عبد القادر جیلانی کی حیات کے بعض نادر گوشوں پر تفصیلی گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ حضور غوث الاعظم شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہ نے اپنی تمام عمر علم کے شغف میں گزاری۔ آپ کے دور میں بغداد علم و ثقافت کا گہوارہ اور مرکز تھا۔ آپ کی والدہ ماجدہ نے آپ کو 18 سال کی عمر میں حصولِ علم کے لیے بغداد بھیجا۔ آپ نے 20 سال اکتسابِ علم میں میں گزارے۔ آپ کے معروف ترین لقب غوث الاعظم کا سارا مدار طریقِ علم پر ہے جیسا کہ آپ نے بچپن سے وفات کے آخری سال تک تقریباً 85 برس درس و تدریس اور فروغِ علم میں بسر کیے تھے۔ دین کی قدروں کے اِحیاء اور تجدیدِ دین کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دینے کی بناء پر آپ کا لقب محی الدین ہے۔
حضور شیخ الاسلام نے مزید کہا کہ شیخ عبد القادر جیلانی ایک ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے۔ آپ ایک عظیم اُستاد، پروفیسر، عالم، مدرس، مفسر، محدث، فقیہ، متکلم، مفتی، صوفی، زاہد و عابد، عارف، ولی، مُصلح اور انسانیت نواز و انسان دوست راہ نما تھے۔ ہمیں آپ کی تعلیمات میں اپنی مَیں کو ختم کرنے کا درس ملتا ہے کیوں کہ اولیاء کرام ہمیشہ لوگوں سے ملتے اور دوسروں سے ملنے کا درس دیتے تھے۔ تصوف، روحانیت اور ولایت میں کبھی تلخی اور اکڑ نہیں رہتی، بلکہ اس گرداب اور بھنور سے نکالنے کا نام تصوف اور روحانیت ہے۔ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اَصحابِ صُفہ کو یہی تعلیم دی تھی کہ اپنی انا کو قربان کریں۔
کانفرنس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کینیڈا کے قائدین و کارکنان، مختلف شعبہ ہاے زندگی سے تعلق رکھنے والی کثیر شخصیات اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ