شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف ”المنہاج السوی“ کی آڈیو بک کی تقریب رونمائی 4 نومبر بروز ہفتہ کو ہو گی
علمائے کرام، محققین اور معروف علمی شخصیات شرکت کریں گی
المنہاج السوی 16 ابواب، 11 سو احادیث مبارکہ پر مشتمل ہے
تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف کردہ شہرہ آفاق کتب حدیث ”المنہاج السوی“ کی آڈیو بک تیار ہو گئی ہے۔ یہ آڈیو بک بین الاقوامی شہرت یافتہ نقیب و صداکار تسلیم احمد صابری کی آواز میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس آڈیو بک کی تقریب رونمائی 4 نومبر (ہفتہ) کو منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر منعقد ہو گی۔ تقریب رونمائی سے علمائے کرام، علوم دینیہ کے اساتذہ و محققین اور علمی حلقوں کی ممتاز شخصیات شرکت و خطاب کریں گی۔ ”المنہاج السوی“16 ابواب اور 11 سو احادیث مبارکہ پر مشتمل ہے۔
فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے کہا کہ گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران شیخ الاسلام کی سرپرستی میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے علوم الحدیث پر شاندار علمی و تحقیقی کام ہوا ہے اور ہورہا ہے۔ اس آڈیو بک کی تیاری کا مقصد ہر عمر اور طبقہ فکر کے افراد میں احادیث مبارکہ کی سماعت کا ذوق وشوق پیدا کرنا ہے اور اس علم اور فن کو زندہ رکھنا ہے کیونکہ قرآن مجید کے بعد احادیث مبارکہ ہی وہ مستند علم اور گائیڈ لائن ہے جس پر عمل پیرا ہو کر صراط مستقیم پر گامزن رہا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آڈیو بک کے ذریعے ہر کلمہ گو مسلمان سفر و حضر اور جلوت و خلوت میں یہ احادیث مبارکہ سماعت کر سکتا ہے۔ نوجوانوں کو موبائل فونز میں سماعت کی سہولت دستیاب ہو گی اور دوران سفر بھی اس مستند ذخیرہ احادیث سے استفادہ کیا جا سکے گا۔
تبصرہ