شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری کی تالیف کردہ کتابِ حدیث ”المناج السوی“ کی آڈیو بک کی تقریب رونمائی

آڈیو بُک عصر حاضر کی اہم ترین ضرورت ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری نے آڈیو بک کی تکمیل پر صاحبزادہ تسلیم احمد صابری کو خصوصی مبارکباد دی
المنہاج السوی علم الحدیث لوگوں تک پہنچانے کے اعتبار سے اکیسویں صدی کا ایک عظیم علمی کارنامہ ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
خرم نواز گنڈاپور، سجاد میر، مفتی شبیر انجم، مفتی بدرالزمان، سید عاشق حسین شاہ بخاری، رانا محمد فاروق کی تقریب میں شرکت

Launching Ceremoney Dr Tahir ul Qadri audio book al Minhaj us Sawi

لاہور(5 نومبر 2023ء)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تالیف کردہ شہرہ آفاق کتاب حدیث ”المنہاج السوی من الحدیث النبوی“ کی آڈیو بک کی تقریب رونمائی مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ کتاب اور کتاب بینی کی اہمیت مسلمہ ہے، تاہم آڈیو بُک اس دور کی اہم ترین ضرورت ہے۔ آج کا انسان عدیم الفرصت ہے، بسا اوقات چاہت کے باوجود کتب بینی اس کے لیے ممکن نہیں رہتی تو ایسے احباب کے لیے آڈیو بُک ایک نعمت ہے۔ سفر و حضر میں اس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے آڈیو بک کی تکمیل پر صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، سید ظفر ارشد کانپوری، حمزہ نوشاہی اور اس کی تکمیل میں معاون تمام ڈیپارٹمنٹس کو خصوصی مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کہا کہ حضور شیخ الاسلام کی یہ تالیف المنہاج السوی اپنی اہمیت کے اعتبار سے ایک ضحیم کتاب ہے جو آنے والے زمانوں کے لیے مشعل راہ ہوگی۔ علم الحدیث لوگوں تک پہنچانے کے اعتبار سے اکیسویں صدی کا ایک عظیم علمی کارنامہ ہے، ایک طویل زمانہ کے بعد یہ ایک ایسی کتاب ہے جسے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے بے شمار ممالک میں دروس کی شکل میں پڑھایا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب کا جتنا مطالعہ کیا جائے وہ کم ہے، یہ آج کے دور میں پیدا ہونے والے سوالات اور اذہان میں پائے جانے والے فتنے اور اشکالات کا جواب آقا علیہ الصلاۃ و السلام کی احادیث مبارکہ کے ذریعے ہمیں عطاء کرتی ہے۔ آج جب اس کو آڈیو کی شکل میں ترتیب دے دیا گیا ہے اور یہ اب ان لوگوں کے لیے بھی علم الحدیث سے فیض پانے کے لیے موثر ہوجائے گی جو پڑھنے کا اتنا ذوق نہیں رکھتے یا ریڈنگ کا وقت نہیں پاتے، وہ اب آڈیو بُک کے ذریعے بھی آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی احادیث مبارکہ سے فیض یاب ہوسکیں گے۔ اس عظیم الشان کام کی انجام دہی پر میں صاحبزادہ تسلیم احمد صابری اور پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے خبطۂ استقبالیہ پیش کیا اور آڈیو بُک کی رونمائی پر صاحبزادہ تسلیم احمد صابری کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مُبارکباد بھی دی۔
سینئر صحافی، ادیب، کالم نگار سجاد میر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے دنیا بھر میں دین کی تبلیغ کی ہے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ان میں کوئی ثانی نہیں۔ دنیا بھر میں دین کا کام پھیلانے کا جو کام شیخ السلام اور ان کی تحریک کررہی ہے آج کے دور میں وہ کام کوئی اور انجام نہیں دے رہا۔ اس عظیم کاوش پر سب احباب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے کہا کہ یہ بات میرے لئے قابلِ اعزاز ہے کہ میں نے حضور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتاب کو اپنی آواز دی، اللہ کریم میری اس نوکری کو اپنی بارگاہِ عالیہ میں قبول فرمائے اور توشۂ آخرت بنائے۔

علامہ مفتی شبیر انجم قادری امیر مرکزی جماعت اہلسنت پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے خود المنہاج السوی کا درس دیا ہے۔ میں نے بنظر غائر اس کتاب کو پڑھا یہ کتاب بہت سے مسائل کے اندر معاون ثابت ہوئی۔ اس وقت عالمِ اسلام میں امن، محبت، جہد اور تقویٰ کے حوالے سے جو شخصیت نمایاں ہے وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ ہیں۔ المنہاج السوی کی آڈیو بُک کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

چیئرمین کُل مسالک علماء بورڈ مفتی سید عاشق حسین شاہ بخاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس آڈیو بُک کی لانچنگ سے مجدد دوراں، شیخ الاسلام والمسلمین شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی راہنمائی سفر و حضر میں ہمیں میسر ہوگی۔

فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر محمد فاروق رانا نے کہا کہ گزشتہ 4 دہائیوں کے دوران شیخ الاسلام کی سرپرستی میں منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے علوم الحدیث پر شاندار علمی و تحقیقی کام ہوا ہے اور ہورہا ہے۔ اس آڈیو بک کی تیاری کا مقصد ہر عمر اور طبقہ فکر کے افراد میں احادیث مبارکہ کی سماعت کا ذوق وشوق پیدا کرنا ہے اور اس علم اور فن کو زندہ رکھنا ہے کیونکہ قرآن مجید کے بعد احادیث مبارکہ ہی وہ مستند ذریعہ علم اور گائیڈ لائن ہے جس پر عمل پیرا ہو کر صراط مستقیم پر گامزن رہا جا سکتا ہے۔

تقریب میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ نور اللہ صدیقی، علامہ رانا محمد ادریس قادری، علامہ محمد فاروق رانا، راجہ زاہد محمود، محمد جواد حامد، ڈاکٹر محمد افضل قادری سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان، علمائے کرام، علوم دینیہ کے اساتذہ و محققین اور علمی حلقوں کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر صاحبزادہ تسلیم احمد صابری اور محمد حمزہ نوشاہی کو خصوصی شیلڈز دی گئیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top