ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ بے جا اصراف ہے: پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری
آپ ﷺ نے سادگی اختیار کرنے کی تلقین فرمائی: جامع شیخ الاسلام میں خطاب
ماحولیاتی آلودگی کا تدارک شجر کاری سے ممکن ہے
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کی ایک بڑی وجہ بے جا اصراف اور ضرورت سے زائد اشیا کی خریداری اور ان کا استعمال ہے، ماحولیاتی آلودگی کا تدارک شجرکاری سے ممکن ہے، حضور نبی اکرم ﷺ نے ہمیشہ تلقین فرمائی سادگی اور بچت کی عادت اختیار کرو اور ضرورت سے زائد مال ضرورت مندوں کو دو۔
انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے صحت مند سوسائٹی کی تشکیل کے لیے تعلیم اور تربیت فرمائی اور انسانی زندگی کو درپیش ہر مسلہ کا حل پیش کیا، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے درخت اور جنگلات ناگزیر ہیں، آپ ﷺ نے 14 سو سال قبل فرمایا درخت لگاؤ اور سبزہ کی حفاظت کرو، آج پلوشن کی بڑی وجہ درختوں اور جنگلات کا کٹاؤ ہے، بیماریوں کی بڑی وجہ بسیار خوری ہے، آپ ﷺ نے پیٹ بھر کر کھانے سے منع فرمایا، اسلام نے ہر معاملے میں اعتدال کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا، آپ ﷺ وضو فرماتے وقت بھی اس بات خیال فرماتے کہ ضرورت سے زائد پانی استعمال نہ ہو۔ وسائل، صحت اور ماحول کی حفاظت کرنا دینی ذمہ داری اور عبادت ہے۔
نماز جمعہ کی دعا چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کروائی، جمعہ کے اجتماع میں منہاج القرآن کے مرکزی قائدین، مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف ممبران اور عامۃ الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ